ایئر انڈیا کی پرواز میں کیڑوں بھرا سینڈوچ
نئی دہلی: ہندوستان کی قومی ایئر لائن نے کہا ہے کہ وہ دوران پرواز ایک مسافر کو دیے جانے والے سینڈوچ میں کیڑوں کی موجودگی کے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ واقعہ اٹھائیس ستمبر کو نیو یارک سے نئی دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز کے دوران ایک مسافر کے ساتھ پیش آیا تھا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق، واقعہ کی شکایت کرنے والے مسافر کا کہنا ہے کہ کمپنی نے انہیں پچھلے دو ہفتے سے کچھ نہیں بتایا۔
ایئر لائن کے ترجمان پرساد راؤ نے اے ایف پی کو نئی دہلی میں بتایا کہ کمپنی اس حوالے سے کھانا فراہم کرنے والے کیٹرر سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئر انڈیا اعلٰی معیار کی سروس یقینی بناتی ہے اور یہ ایک شاذ و نادر پیش آنے والا واقعہ ہے۔
خیال رہے کہ مالی نقصان کا سامنا کرنے والی ایئر انڈیا کو حفاظتی معیار سمیت بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔
مئی میں بنگلور جانے والی پرواز کو اس وقت دوسرے شہر میں اتار لیا گیا تھا جب ٹوائلٹ سے واپس آنے والے پائلٹ کو کاک پٹ کا دروازہ جام ملا۔
اسی طرح، ہندوستان کی قومی ایئر لائن نے رواں سال ایک سینئر پائلٹ کو پرواز اڑانے سے کچھ دیر پہلے شراب پینے پر معطل کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ مارکیٹ شیئر کے حوالے ملک کی چوتھی بڑی اس ایئر لائن کو تیل کی بڑھتی قیمتوں اور نجی کمپنیوں سے سخت مقابلے کی وجہ سے شدید مشکلات درپیش ہیں۔