عالمی نمبر ایک چاروں شانے چت، پاکستان کامیاب
ابو ظہبی: پاکستان نے ابو ظہبی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پہلی اننگز میں 193 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد آج میچ کے چوتھے دن مہمان ٹیم 232 رنز بنا کر پولین لوٹ گئی۔
پاکستانی باؤلرز نے دن کی صبح میں ہی دو مزید مہمان بلے بازوں کو پویلین بھیج کر حریف کپتان کی سٹی گم کر دی تھی۔
میچ کی مزید تصاویر کے لیے یہاں کلک کریں۔
نائٹ واچ مین ڈیل اسٹین 7 اور جے پی ڈومینی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے جبکہ فاف ڈیو پلیسی کی مزاحمت بھی صرف 9 رنز تک محدود رہی۔
اس موقع پر پروٹیز کی تما تر امیدیں ایک روزہ ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز سے وابستہ تھیں جو 90 رنز کی اننگ کھیل کر کسی حد تک مزاحمت کی لیکن یہ کوشش بھی جیت کی جانب گامزن پاکستانی ٹیم کے قدم نہ روک سکی۔
کیلس اور ڈومینی کی اہم وکٹیں لینے والے نید خان نے ایک بار پھر کپتان کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے ڈی ویلیئرز کو چلتا کر دیا۔
اس وقت 190 رنز پر آٹھ جنوبی افریقی بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے اور پروٹیز کو اننگ کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 3 رنز درکار تھے۔
روبن پیٹرسن نے ورنون فلینڈر کے ساتھ مل کر اننگ کی شکست کے خطرے کو ٹالا لیکن یہ کوشش بھی ان کی ٹیم کے لیے زیادہ سود مند ثابت بہ ہو سکی اور پوری ٹیم 232 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
پورے میچ میں بجھے بجھے سے دکھائی دینے والے سعید اجمل نے آکر میں ہاتھ دکھاتے مجموعی طور پر چار پروٹیز بیٹسمینوں کو پویلین چلتا کیا، جبکہ جنید خان نے تین اہم وکٹیں لے کر فتح میں گراں قدر حصہ ڈالا۔
اس طرح میزبان پاکستان کو میچ میں جیت اور سیریز میں برتری کے لیے صرف چالیس رنز کا ہدف ملا۔
اس بار پاکستان نے اننگ کا آغاز کیا تو بلے بازوں نے ایک بار پھر جنوبی افریقہ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کی یاد تازہ کر دی اور ابتدائی تین بلے باز صرف سات رنز پر پویلین میں واپس پہنچ چکے تھے۔
اس مرحلے پر ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید جنوبی افریقہ کوئی معجزہ دکھا دے لیکن کپتان مصباح الحق اور تجربہ یونس خان نے اپنے تجربہ کی بنیاد پر پاکستان کی فتح کو یقینی بنایا۔
مصباح نے اپنی گزشتہ اننگ کی فارم کو برقرار رکھا اور روبن پیٹرسن کو چھکا جڑ کر اسٹائلش انداز میں ٹیم کو سات وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
یاد رہے کہ یہ جنوبی افریقہ کی دسمبر 2011 کے بعد کسی بھی ٹیسٹ میچ میں پہلی شکست سے ہے اور وہ گزشتہ پندرہ ٹیسٹ سے کامیابی کے جھنڈے گاڑتی چلی آرہی تھی۔
خرم منظور پہلی اننگ میں 146 رنز کی شاندار باری کھیلنے پر مرد میدان قرار پائے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ تئیس اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔
مختصر اسکور کارڈ
جنوبی افریقہ: 249 اور 232 رنز
پاکستان: 442 اور 3-45 رنز