لیڈز ٹیسٹ کا ڈرا پر اختتام
لیڈز: انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین ہیڈنگلے لیڈز کے مقام پر کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔
ٹیسٹ کے آخری روز پروٹیز نے اپنی اننگز 39 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی تو دونوں ہی اوپنرز نے شانداز بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے اپنی اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں۔
لنچ سے ایک اوور قبل 120 کے مجموعے پر جیک روڈلف 69 کی اننگز کھیلنے کے بعد پارٹ ٹائم بولر کیون پیٹرسن کا شکار بنے۔ انھوں نے 122 گیندوں کا سامنا کیا اور بارہ کو باؤنڈری کی راہ دکھائی۔
ایک سو انتیس کے مجموعے پر جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ گری، جب گریم اسمتھ 52 رنز بناکر پیٹرسن کی دوسری وکٹ بنے۔ اسکور 182 پر پہنچا تو ہاشم آملا 28 رنز بناکر پویلین چلتے بنے، انھیں بھی پیٹرسن نے کک کی مدد سے قابو کیا۔
اس کے بعد اسٹورٹ براڈ کا شو شروع ہوا۔ نوجوان فاسٹ بولر نے 209 کے مجموعی اسکور پر ڈی ویلیئرز اور ڈومینی کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کرکے ساؤتھ افریقی کیمپ میں کھلبلی مچا دی۔
ڈی ویلیئر 44 رنز بناکر پویلین بدر ہوئے جبکہ ڈومینی کھاتا کھولنے میں ناکام رہے۔
اسکور ابھی 223 ہی ہوا تھاکہ فلینڈر نے بھی چھ رنز بناکر پویلین کی راہ لی، اسکور میں محض سات رنز کے اضافے سے جیک کیلس 27 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، یہ دونوں وکٹیں بھی براڈ نے ہی حاصل کیں۔
دو سو سینتالیس کے مجموعے پر ساؤتھ افریقہ کو آٹھواں نقصان اٹھانا پڑا جب اسپیڈ اسٹار ڈیل اسٹین تین رنز بناکر اینڈرسن کی گیند پر انہیں ہی کیچ دے بیٹھے۔ اسکور 258 تک پہنچا تو براڈ نے دس رنز بنانے والے مورکل کو آؤٹ کرکے اننگز میں پانچ وکٹیں مکمل کرلیں۔
اسی مجموعے پر جنوبی افریقی قائد گریم اسمتھ نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر کے انگلینڈ کو 39 اوورز میں 253 رنز کا ہدف دیا۔
انگلینڈ بھی مجموعے کے تعاقب میں اٹیکنگ حکمت عملی سے میدان میں اترا اور اس نے پہلی اننگز کے سنچری اور مرد بحران کیون پیٹرسن کو کک کے ساتھ بطور اوپنر بھیجا۔
انگلش ٹیم کا یہ تجربہ اس وقت ناکام ثابت ہوا جب پیٹرسن تیز رفتاری سے رنز بٹورنے کے چکر میں 21 کے مجموعی اسکور پر فلینڈر کی گیند پر عمران طاہر کو کیچ دے بیٹھے، انھوں نے صرف 12 رنز بنائے۔
اس کے بعد میدان میں اترنے والے کپتان اینڈریو اسٹراس نے کک کے ساتھ ملکر مجموعے کو 75 تک پہنچایا۔
اسی مجموعے پر اسٹراس 22 رنز بناکر اسٹین کی گیند پر وکٹوں کے عقب میں آؤٹ ہوگئے۔
اسکور میں ابھی 15 رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ کک بھی 46 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس دوران انھوں نے پانچ چوکے اور ایک بلند وبالا چھکا لگایا۔
ایک سو چھ کے مجموعے پر 7 رنز بنانے والے پرائر وکٹوں کے درمیان آہستہ دوڑنے کی پاداش میں آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ٹروٹ اور بیل نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
اسکور 130 تک پہنچا تو دونوں ٹیموں کی باہمی رضامندی سے میچ ختم کردیا گیا، جب کھیل ختم کیا گیا تو انگلینڈ کو چھ اوورز میں جیتنے کیلیے مزید 123 رنز درکار تھے۔
پیٹرسن کو پہلی اننگز میں خوبصورت سنچری داغنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 16 اگست سے لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلا جائیگا۔












لائیو ٹی وی