دوسرے ٹیسٹ میں اسٹین کی بھی شرکت مشکوک

شائع October 21, 2013

عالمی نمبر ایک جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین اور نمبر ایک بلے باز ہاشم آملا جن کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

دبئی: پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں خسارے سے دوچار جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے جہاں عالمی نمبر ایک بلے باز ہاشم آملا کے بعد نمبر ایک باؤلر ڈیل اسٹین کی بھی دوسرے میچ میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔

دبئی میں بدھ سے شروع ہونے والے سیریزکے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی تیاریاں جاری ہیں تاہم دوسرے ٹیسٹ سے قبل مہمان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے ہاشم آملا اپنے دوسرے بچے کی ولادت کی وجہ سے جنوبی افریقہ چلے گئے ہیں اور ان کی دوسرے ٹیسٹ سے قبل واپسی مشکل نظر آتی ہے۔

تاہم جنوبی افریقہ کی مشکلات میں اصل بری خبر عالمی نمبر ایک باؤلر ڈیل اسٹین کی فٹنس ہے جو اتوار کو ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ٹریننگ سیشن مکمل نہ کر سکے اور پیر کو بھی انہوں نے سیشن میں حصہ نہیں لیا اور وہ فزیو تھراپسٹ برینڈن جیکسن کے ساتھ نظر آئے۔

ٹیم منیجر محمد موسیٰ جی کا کا کہنا ہے کہ اسٹین کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا اور ہمیں اصل صورتحال کا اندازہ کل تک ہو گا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم منیجر نے کہا کہ ہمیں اصل مسئلے کا پتہ لگانے کے لیے 24 گھنٹے درکار ہیں۔

جنوبی افریقہ کے نائب کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے بھی تیس سالہ فاسٹ باؤلر کے فٹنس مسائل کی تصدیق کر دی ہے۔

ڈی ویلیئرز نے پیر کو بتایا کہ گزشتہ فیلڈنگ پریکٹس کے دوران اسٹین انجری کا شکار ہو گئے تھے لیکن ہمارا خیال ہے کہ یہ اتنی سنجیدہ انجری نہیں ہے، ہم محض احتیاط سے کام لے رہے ہیں تاکہ دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

عالمی نمبر ایک فاسٹ باؤلر نے ابو ظہبی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کی پہلے اننگ میں 88 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ دوسری اننگ میں بھی وہ ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے تھے۔

واضح رہے کہ اسٹین جنوبی افریقی باؤلنگ لائن کے سب سے اہم ہتھیار ہیں جو متحدہ عرب امارات کی سخت اور اسپنرز کے لیے کنڈیشنز کے باوجود اپنی اسپیڈ کے باعث حریف بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کر  سکتے تھے۔

لیکن اگر اسٹین فٹنس دوسرے ٹیسٹ میچ میں انجری کے باعث شرکت نہیں کر پاتے تو یہ مہمان ٹیم کے لیے بہت بڑا دھچکا ہو گا جسے تاحال سیریز میں واپسی کا چیلنج درپیش ہے اور اس صورتحال میں جنوبی افریقہ کے لیے میچ کی فائنل الیون کو ترتیب دنا بھی ایک کٹھن مرحلہ ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 جون 2025
کارٹون : 19 جون 2025