رچی بینو کار حادثے میں زخمی
سڈنی: کرکٹ کے تاریخی کمنٹیٹر رچی بینو جمعرات کو ایک کار حادثے میں زخمی ہو گئے۔
ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد 1964 سے کمنٹری باکس میں اپنی آواز اور ماہرانہ تبصروں سے شہرت حاصل کرنے والے بینو بدھ کو سڈنی میں اپنے گھر جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھنے کے بعد دیوار سے جا ٹکرائی۔
تراسی سالہ سابق آسٹریلوی کپتان کو سینے اور کندھے پر چوٹیں آئیں ہیں جو اگلے مہینے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں آسٹریلیا کے چینل نائن سے کمنٹری کرنے والے تھے۔
چینل کی جانب سے ایک جاری بیان میں بتایا گیا کہ وہ کچھ دنوں تک ہسپتال میں ہی رہیں گے۔
بیان کے مطابق، ' کچھ تکلیف محسوس کرنے کے باوجود آسٹریلیا کے سابق کرکٹ کپتان اور تاریخی آل راؤنڈر کے حوصلے بلند اور حس مزاح بھرپور ہے'۔
حادثے کے وقت بینو اپنی قدیم 1963 کی سن بیم الپائن گاڑی خود ہی چلا رہے تھے اور واقعہ کے بعد انہیں خود سے زیادہ گاڑی کی فکر تھی۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا، واقعہ میں کوئی دوسرا زخمی نہیں ہوا اور میں خود سے زیادہ اپنی نایاب گاڑی کے حوالے سے فکر مند تھا۔
بیان کے ساتھ ساتھ گاڑی کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں جن میں اس کا تباہ شدہ اگلا حصہ اور بچ جانے والی ونڈ سکرین دیکھی جا سکتی ہے۔
بینو کی بیوی ڈیفنی نے بتایا کہ حادثہ کے بعد ان کے شوہر ہل کر رہ گئے ہیں لیکن وہ جلد ہی اپنے معمولات کی طرف لوٹ آئیں گے۔
' رچی بہت شاندار ہیں، پہلے تو میں بہت تشویش کا شکار تھی لیکن آج وہ ناقابل یقین طور پر صحت مند لگ رہے ہیں'۔
نائن کے چیف ایگزیکیٹیو ڈیوڈ جینجل نے کہا کہ امید ہے کہ بینو رو بصحت ہونے کے بعد کمنٹری باکس میں واپس آجائیں گے۔