ہالی وڈ بھی بھتہ کا شکار

شائع October 24, 2013

۔ — انٹرنیٹ فوٹو
۔ — انٹرنیٹ فوٹو

ہانک کانگ: ٹرانسفامر سیریز کی نئی فلم کی ہانک کانگ میں عکس بندی کے دوران نامور ہدایت کار مائیکل بے کی ٹیم سے ایک ہفتہ میں دوسری مرتبہ بھتہ مانگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

جمعرات کو مقامی حکام سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق، بدھ کی دوپہر پولیس نے کولون شہر میں 'ٹرانسفارمر: دی ایج آف اکسٹنش' کی عکس بندی کے دوران ہالی وڈ ٹیم کی رکن کو مبینہ طور پر دھمکانے پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

حکومت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایک عمارت کی چھت پر چار افراد نے خاتون کو ہراساں کرتے ہوئے پیسوں کا مطالبہ کیا تھا۔

بیان میں مائیکل بے یا فلم کا ذکر نہ کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک پینتیس سالہ شخص کو گرفتار کرلیا جبکہ 'بلیک میلنگ' کرنے پر اس کے تین ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

اخبار ساؤتھ چین مارننگ پوسٹ نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ تینوں مطلوبہ افراد ایک مخصوص گروپ کے رکن ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعرات، ایک شخص ہاتھوں میں ایئر کنڈیشنر اٹھائے مائیکل بے پر حملہ آور ہوگیا تھا۔

یہ شخص ایک لوکیشن پر فلم کی شوٹنگ کے معاوضے کے طور پر تقریباً تیرہ ہزار امریکی ڈالرز کا مطالبہ کر رہا تھا۔

اس واقعہ کے بعد بے نے اپنی ویب سائیٹ پر لکھا تھا کہ کچھ نشئی ان کی ٹیم کے لیے کئی گھنٹوں تک پریشانی کا سبب بنے رہے۔

کامیاب ٹرانسفارمر سیریز کی یہ چوتھی فلم اگلے سال جون میں ریلیز ہوگی۔ فلم کی سٹار کاسٹ میں مارک وولبرگ اور نکولا پیلٹز شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 جون 2025
کارٹون : 17 جون 2025