جنید خان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے باہر

شائع February 13, 2013

پاکستان فاسٹ باؤلر جنید خان۔ فائل فوٹو رائٹرز۔۔۔

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کی تیاریوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے اور قومی ٹیم کے سب سے اہم فاسٹ باؤلر جنید خان انجری کے باعث کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ نے جوہانسطبرگ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو باآسانی 211 رنز سے شکست دیدی تھی جبکہ اسی ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں قومی ٹیم تیسٹ کرکٹ کی تاریک میں اپنے کم ترین اسکور 49 پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستانی ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ جنید خان جو ایمرجنگ کیپ کوبراز کیخلاف پریکٹس میچ سے قبل تھائی انجری کا شکار ہوئے تھے، وہ انجری سے صحتیاب نہیں ہو سکے اور ہم ان کے متبادل کیلیے غور کر رہے ہیں۔

واٹمور نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیند خان یقینی طور پر دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں تاہم ہمیں امید ہے کہ وہ سنچورین ٹیسٹ سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سنچورین میں تیسرا ٹیسٹ 22 فروری سے شروع ہو گا۔

جنید خان کی جگہ لینے کیلیے طویل القامت فاسٹ باؤلر محمد عرفان یا اسپنر عبدالرحمان مضبوط امیدوار تصور کیے جارہے ہیں، واٹمور نے کہا کہ فائنل الیون کا فیصلہ جمعرات کو وکٹ کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائیگا۔

واٹمور نے دوسرے ٹیسٹ میں دونوں کھلاڑیوں کو کھلائے جانے کا بھی عندیہ دیا، یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے راحت علی کوئی خاص تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے تھے اور اسی وجہ دوسرے ٹیسٹ کیلیے ٹیم میں ان کی جگہ کو خطرات لاحق ہیں۔

اگر عرفان کو کھلایا جاتا ہے تو30 سالہ فاسٹ باؤلر کا یہ ڈیبیو میچ ہو گا، واٹمور نے کہا کہ عرفان نے پریکٹس میچ میں 40 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کر کے اپنی فارم ثابت کردی ہے۔

وانڈررز میں محمد حفیظ کی جانب سے پہلی اننگ میں شاندار باؤلنگ کے بعد پاکستان کی جانب سے میچ میں تیسرے اسپنر عبدالرحمان کو بھی کھلائے جانے کا امکان ہے، محمد حفیظ نے جوہانسبرگ ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 16 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واٹمور نے کہا کہ پاکستانی بلے بازوں کیلیے اس میچ میں اہم چیز شاٹ سلیکشن ہو گی اور پاکستانی کھلاڑی جنوبی افریقہ کا سامنا کرنے کیلیے انتہائی سخت محنت کر رہے ہیں۔

واٹمور نے تصدیق کی کہ دوسرے میچ بھی بیٹنگ لائن میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائیگی اور پہلے میچ کی بیٹنگ لائن اپ برقرار رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹخنے کی انجری کے باعث پریکٹس میچ میں شرکت نہ کرنے والے ناصر جمشید نے منگل کو ٹریننگ کی اور وہ دوسرے میچ میں شرکت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025