ڈیوڈ کیمرون جلیانوالہ باغ کے مقام پر پھول چڑھا رہے ہیں۔ — اے پی
ڈیوڈ کیمرون جلیانوالہ باغ کے مقام پر پھول چڑھا رہے ہیں۔ — اے پی

امرتسر: ہندوستان کے دورے پر آئے برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے جلیانوالہ باغ کے سانحہ کو برطانوی تاریخ کا 'شرم ناک ترین' واقعہ قرار دیا ہے۔

کیمرون پہلے ایسے موجودہ وزیراعظم ہیں جنہوں نے ہندوستان میں برطانوی راج کے دوران پیش آنے والے انتہائی خونی واقعات میں سے ایک پر آواز اٹھائی ہے۔

کیمرون نے واقعہ پر معذرت تو نہیں کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ اس واقعہ کو برطانوی تاریخ پر ایک دھبہ سمجھتے ہیں اور اس پر برطانیہ میں جمہوری طور پر منتخب ہونے والی حکومت کو افسوس ظاہر کرنی کی ضرورت ہے۔

ڈیوڈ کیمرون نے بدھ کو امرتسر میں تاریخی مقام کا دورہ کیا اور پھول بھی چڑھائے، اس مقام پر 1919 میں برطانوی فوج نے سینکڑوں ہندوستانیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

بعد میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات ظاہر کرتے ہوئے کیمرون نے کہا کہ یہ برطانوی تاریخ کا انتہائی شرم ناک واقعہ تھا اور ونسٹن چرچل نے اسے درست طور پر 'ہیبت ناک' قرار دیا تھا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ' ہمیں یہ ہرگز ہرگز نہیں بھولنا چاہیے کہ یہاں پر کیا ہوا تھا'۔

'اس واقعہ کو یاد رکھنے کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ برطانیہ دنیا بھر میں پر امن احتجاج کے حق کی حمایت کرتا رہے'۔

ڈیوڈ کیمرون کے یہ خیالات ان کے تین روزہ دورے کے آخری روز سامنے آئے ہیں۔ اس دورے میں ان کی تمام تر توجہ سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدوں اور منصوبوں پر مرکوز رہی۔

مبصرین نے کیمرون کے ان خیالات کو ہندوستان سے  تعلقات بہتر بنانے اور برطانیہ میں موجود پندرہ لاکھ انڈین نژاد ووٹروں کی 2015 میں ہونے والے انتخابات کے لیے ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں