یوتھ فیسٹیول، مزید دو ریکارڈز پاکستان کے نام

لاہور: پنجاب یوتھ فیسٹیول میں عالمی ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ چھ ورلڈ ریکارڈز کے بعد آج بھی دو نئے ورلڈ ریکارڈ بنائے گئے۔
لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری پنجاب یوتھ فیسٹیول میں پنجاب اسپورٹس بورڈ نے آٹھ ہزار چار سو اکتیس اسکوائر فٹ کی پینٹنگ بنا کر کر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں پاکستان کا نام درج کر ا دیا ہے۔
اس سے پہلے یہ اعزاز امریکا کے پاس تھا جہاں اڑسٹھ اسکوائر فٹ کی پینٹنگ بنائی گئی تھی۔
دوسری جانب کرکٹر رانا نوید الحسن نے ایک منٹ میں 45 گیندیں کھیل کر گینز بک آف ورلڈ ریکاڈ میں اپنا نام درج کرا لیا، ان سے پہلے یہ ریکارڈ برطانیہ کے سابق آل راؤنڈ اینڈریو فلنٹوف کے پاس تھا جنہوں نے ایک منٹ میں انیس بالز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
اس موقع پر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے کارلوس مارٹنز نے پاکستان کو نئے ورلڈ ریکارڈ کے سرٹیفکیٹ پیش کیے۔
یاد رہے کہ منگل کو بھی پنجاب یوتھ فیسٹول 2012 میں 6 نئے عالمی ریکارڈ قائم کیے گئے تھے۔
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم اور پنجاب اسٹیڈیم میں ہونے والے ایوٹنس کے دوران ایک منٹ میں 43 پاس دے کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، اس مقابلے میں بیس کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔
اس کے علاوہ تین منٹ کی 979.2 میٹرہاکی ڈریلنگ کے دوران گیند کو مسلسل اپنے پاس رکھ کر زیادہ سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا گیا۔
فیسٹیول میں ایک منٹ کے دوران سر سے زیادہ بوتلوں کے ڈھکن کھولنے کا ریکارڈ بھی بنایا گیا، پاکستانی کھلاڑی نے 40 بوتلیں کھول کر جرمنی کے شخص کا 24 بوتلیں کھولنے کا ریکارڈ توڑ دیا اور گینیز بک میں نام درج کرا لیا۔
پنجاب اسٹیڈیم جمنازیم میں امین سلیم نے دنیا کے سب سے بڑے سیکوئنس موزیق بنانے کا اعزاز پاکستان کو دلوا دیا، انھوں نے گینز ورلڈ ریکارڈ میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا 6.2 اسکوائر میٹر کا موزیق بنایا تھا جس میں3 لاکھ سلمے اور ستارے استعمال کیے گئے تھے۔
پاکستان نے ایونٹ میں سب سے زیادہ بیڈمنٹن پاسز کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا، واجد اور عتیق نے ایک منٹ میں 123 پاسز دے کر ریکارڈ بنایا۔
ایک منٹ میں زیادہ سے زیادہ ناریل کو ہیڈ کرنے کا ریکارڈ بھی پاکستان کے نام ہو گیا، ایونٹ میں 50 ناریل کو کک لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے پاس اس کے علاوہ 11 عالمی ریکارڈز بھی موجود ہیں جو دسمبر میں یوتھ فیسٹول 2012 کے دوران ہی بنائے گئے تھے۔











لائیو ٹی وی