ملالئے یوسفزئی ۔ بشکریہ ٹائم میگزین
ملالئے یوسفزئی ۔ بشکریہ ٹائم میگزین

کراچی: امریکی جریدے ' ٹائم میگزین ' نے پندرہ سالہ پاکستانی لڑکی ملالئے یوسفزئی کی تصویر کو اپنے سرورق کی زینت بناتے ہوئے دنیا کے ایک سو بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

ٹائم میگزین کے سرورق پر جگہ بنانے والی اور ٹائم میگزین کی جانب سے سو اہم ترین شخصیات میں سے ایک قرار دینے والی ملالئے پاکستان کی واحد شہری ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا ہے۔

ملالئے پر سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن کی بیٹی نے تعارفی مضمون لکھا ہے۔ اس کے علاوہ برما کی آنگ سان سوچی، امریکی خاتونِ اول مشیل اوبامہ ، عامر خان، براک اوبامہ ، فتح اللہ گیولن، جان برینن، پوپ فرانسس، عبداللہ اوجلان، سٹیون اسپیل برگ، اور دیگر افراد کو پانچ مختلف شعبوں کیلئے بااثر افراد میں شامل کیا ہے جبکہ ملالئے کو ائیکن قرار دیا ہے۔

ٹائم میگزین نے لکھا ہے کہ دنیا میں چند لوگ ہی ظلم کے آگے بہادری سے کھڑے ہوتے ہیں جن میں سے ایک پندرہ سالہ ملالئے ہے۔ ملالئے کو دنیا کے ان کروڑوں بچوں کیلئے اہم مثال بتایا گیا ہے جو تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔

واضح رہے کہ گیارہ برس سے ہی ملالئے اپنے علاقے سوات میں طالبان کی علم دشمنی اور تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات پر ایک خبر رساں ادارے  کی ویب سائت پر  اپنی ڈائری لکھی تھی۔ اس کے بعد دنیا بھر میں ملالئے کی شہرت پھیلی ۔ گزشتہ برس اکتوبر میں طالبان نے ان کی دو ساتھیوں سمیت انہیں شدید زخمی کردیا تھا۔

ٹائم میگزین نے ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کیلئے اپنے ٹائٹلز پر ملالئے کی تصویر شائع کی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں