فلمی کیرئیر کے دوران راج کپور نے بالی وڈ کا ہر قابل ذکر ایوارڈ اپنے نام کیا۔- آن لائن فوٹو
اپنے فلمی کیرئیر کے دوران راج کپور نے بالی وڈ کا ہر قابل ذکر ایوارڈ اپنے نام کیا۔- آن لائن فوٹو 

آوارہ ہوں ایسا گیت ہے جو آج تک لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہے اور اس فلم کے خالق و اداکار راج کپور کو بالی وڈ کی سو سالہ تاریخ کا سب سے بڑا فلم ڈائریکٹر قرار دے دیا گیا ہے۔ 

ہندوستانی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی مرتب کردہ فہرست میں راج کپور کو یہ اعزاز دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ بالی وڈ کے ایسے شو مین تھے جن کی ہر فلم کا شائقین بے تابی سے انتظار کرتے تھے۔

اپنے طویل فلمی کریئر کے دوران راج کپور نے بالی وڈ کا ہر قابل ذکر ایوارڈ اپنے نام کیا، جبکہ وجنتی مالا، نرگس اور متعدد اداکاراﺅں کو ہندی سینماء کی تاریخ میں امر کردیا۔

راج کپور کی ہدایت کاری باکمال تھی تو اداکاری کے میدان میں بھی وہ دلیپ کمار کے بعد بالی وڈ کی سب سے معروف شخصیت سمجھے جاتے تھے اور یہاں تک کہ ہندوستان کے ساتھ ساتھ یورپ، ترکی اور روس وغیرہ میں بھی وہ بہت زیادہ مقبول تھے۔

ہندوستانی اخبار نے ہری کیش مکھرجی کو بالی وڈ کا دوسرا عظیم ترین ڈائریکٹر قرار دیا، جن کے کریڈٹ پر چپکے چپکے، انوپما، آنند، ابھیمان، گڈی، گول مال، آشیرواد اور نمک حرام جیسی سپر ہٹ فلمیں موجود ہیں۔

دو بیگھا زمین اور مدھومتی جیسی کلاسیک فلموں کے ہدایتکار بمل روئے اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے۔ وہ پہلے ہندوستانی ہدایتکار تھے جنھوں نے دوبیگھا زمین پر کانز فلم فیسٹیول میں بین الاقوامی اعزاز حاصل کیا۔

چوتھا نمبر من موہن ڈیسائی کے نام رہا جو امر اکبر اینتھونی اور دھرم ویر جیسی فلمیں بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

ہندوستانی اخبار نے گرودت کو ہندی سینماء کا پانچواں عظیم ترین ڈائریکٹر قرار دیا، جن کی فلمیں پیاسا، کاغذ کے پھول اور صاحب بی بی اور غلام اب بھی روز اول کی طرح مقبول ہیں بلکہ پیاسا تو دنیا کی سو عظیم ترین فلموں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

چھٹا نمبر رومانوی فلمیں بنانے کے حوالے سے شہرت رکھنے والے یش چوڑا کا رہا، جبکہ شیام بینگل ساتویں، منی رتنم آٹھویں، سنجے لیلا بھنسالی نویں اور راج کمار ہیرانی دسویں نمبر پر رہے۔

بشکریہ ہندوستان ٹائمز

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں