دنیائے کرکٹ عمران کے لیے فکر مند

شائع May 8, 2013

PAKISTAN-VOTE-KHAN-FILESلاہور: پاکستان کے سٹار کھلاڑی شاہد آفریدی اور انضمام الحق نے الیکشن ریلی کے دوران زخمی ہونے والے سابق کرکٹ کپتان اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ہسپتال میں عیادت کی ہے۔

پاکستان کے لیے ورلڈ کپ جیتنے اور اٹھاسی ٹیسٹ میچ کھیلنے والے سابق کپتان عمران خان منگل کو لاہور میں ایک جلسے کے آغاز پر لفٹر سے گر کر شدید زخمی ہو گئے تھے۔

عمران اس وقت شوکت خانم میموریل ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق ان کی طبیعت سنبھل رہی ہے۔

واقعہ کے بعد دنیا بھر سے عمران خان کے لیے جذبہ خیر سگالی کے پیغامات آنا شروع ہو گئے تھے۔

آفریدی نے بتایا کہ ملاقات کے دوران عمران خان کے حوصلے بلند نظر آئے۔

'ملاقات میں انہوں نے کسی قسم کی مایوسی کا اظہار نہیں کیا بلکہ وہ تو کھیل کے دنوں والے عمران خان دکھائی دے رہے تھے'۔

'اللہ تعالی نے انہیں بڑےحادثے سے بچا لیا ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ جلد ہی صحتیاب ہو جائیں گے'۔

عمران خان کی زیر قیادت 1992 کا ورلڈ کپ کھیلنے والے انضمام الحق نے بتایا کہ انہیں حادثے کی خبر پر شدید دھچکا لگا۔

'ٹی وی اسکرین پر بار بار چلنے والی اس خبر نے مجھے شدید پریشان کر دیا تھا ، میں ان کی خیریت جاننے کے لیے کسی سے رابطہ نہیں کر پا رہا تھا لہٰذا اب خود ہسپتال آیا ہوں تاکہ ان کی خیریت دریافت کر سکوں'۔

اگلے مہینے انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے ایبٹ آباد میں تیاریوں میں مصروف قومی ٹیم کے اسکواڈ نے بھی عمران کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

عمران خان کی زیر نگرانی پروان چڑھنے والے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے بھی واقعے پر اپنی فکرمندی ظاہر کی۔

وسیم کا کہنا تھا کہ حادثے کی خبر میرے لیے پریشان کن تھی۔

'میں نے فوراً ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے فون کیا اور مجھے یہ جان کر کافی اطمینان ہوا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے'۔

عمران کے ایک اور ساتھی کرکٹر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے بھی اپنے کپتان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

' عمران بہترین ساتھی کھلاڑی اور دوست ہے، میں ان کے لیے دعا گو ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ وہ فائیٹ بیک کریں گے'۔

ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز بلے باز برائن لارا نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025