انتخابات میں دھاندلی ہوئی، عمران خان کا الزام

شائع May 13, 2013

[vimeo 65999813 w=500 h=281]

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے عام انتخابات کے دوران کراچی اور پنجاب میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے اپوزیشن میں بیٹھنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

اتوار کو شوکت خانم ہسپتال سے ویڈیو پیغام میں تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ گیارہ مئی انکی جماعت کے لیے ایک بہت بڑا اور تاریخی دن تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران جہاں گڑبڑ کی اطلاعات ملیں وہاں کے نتائج کو چیلنج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی اسمبلیوں میں ان کا کوئی وجود نہیں تھا مگر اب ہم بڑی جمہوری قوت بن کر اسمبلی میں آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت بنا کر آئیڈیل پاکستان دکھائیں گے۔

پی ٹی آئی چیف نے کہا کہ پنجاب اور خاص کر لاہور میں اچھے الیکشن نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جیسے ہی رات کو ماڈل ٹاؤن میں خطاب کیا تو ووٹوں کی گنتی کا عمل کا روک دیا گیا اور ان کے جیتے ہوئے امیدوار ہارنا شروع ہو گئے۔

انہوں نے دھاندلی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین نے پولنگ اسٹاف اور پولیس کی مدد سے کھلم کھلا دھاندلی کی جبکہ الیکشن کمیشن سے جیسی توقع تھی اس نے ویسا کام نہیں کیا۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی میں انتخابات کے دوران گڑ بڑ کا الیکشن کمیشن نے خود اعتراف کیا اور مختلف حلقوں میں کراچی میں ری پولنگ  کا فیصلہ دھاندلی کا ثبوت ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ پوری قوم اور خاص طور پر اوررسیز پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے جنون دکھایا اور ملکی تاریخ کا سب سے بڑ انتخابی ٹرن آؤٹ سامنے آیا۔

عمران خان نے کہا کہ ان کی جماعت پارلیمنٹ میں مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے جبکہ بہتر جمہوریت کے لیے اچھی اپوزیشن بھی نہایت ضروری ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران شکست کو تسلیم کرلیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Ali Mohammad May 13, 2013 07:08am
This was nt a fair election, @ democresy .khi

کارٹون

کارٹون : 20 فروری 2026
کارٹون : 19 فروری 2026