پشاور: متنی میں حملہ، پانچ سیکیورٹی اہلکار ہلاک
پشاور: درہ آدم خیل سے ملحق پشاور کے مضافاتی علاقے متنی میں ایک حملے میں پانچ سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک انجینیئر بٹالین کی گاڑی پر سرا خوارا کے علاقے میں حملہ کیا گیا ۔ اس سے چند گز کے فاصلے پر دہشتگردوں نے پولیس کی ایک بکتر بند گاڑی پر بھی حملہ کیا جس سے چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
آفیشل ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے قافلے پر پہلے راکٹ فائر کئے اور اس کے بعد فائرنگ شروع کردی۔ اس واقعے میں پانچ اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔
اسی علاقے میں ایک علیحدہ واقعے میں دہشتگردوں نے متنی پولیس سٹیشن کی بکتر بند گاڑی پر دستی بم سے حملہ کیا اور اس کے بعد اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سے چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ان اہلکاروں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور نیم فوجی فرنٹیئر کانسٹبلری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا ہے۔ اس دوران بھی فائرنگ کے تبادلے کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
اس کے بعد ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں۔












لائیو ٹی وی