معروف امریکی سکالر، نوم چومسکی۔ فائل تصویر
معروف امریکی سکالر، نوم چومسکی۔ فائل تصویر

ماسکو : معروف امریکی سکالر نوم چومسکی نے کہا ہے کہ 2003ء میں عراق پر حملے، پاکستان ، افغانستان میں ڈرون حملوں اور عرب ریاستوں میں شورش برپا کرنے پر امریکی صدر باراک اوبامہ، سابق صدر جارج بش اور سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمات چلائے جائیں۔

 روسی میگزین ’’ایشیا ٹوڈے‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی سکالر نوم چومسکی نے کہا کہ عراق میں حملہ حالیہ تاریخ کا بدترین جنگی جرم ہے۔

 جارج بش ، صدر باراک اوبامہ اور ٹونی پلیئر کو انٹرنیشنل کریمینل کورٹ کے کٹہرے میں لاکھڑا کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون حملہ خوفناک ہتھیار ہے۔ تصور کریں آپ گلی میں جارہے ہوں اور کچھ پتہ نہیں اگلے پانچ منٹ میں کیا ہونے والا ہے اور اچانک اوپر سے میزائل آپ پر گرے۔

 یہ دہشت پھیلانے والا ہتھیار ہے۔ اس ہتھیار نے دیہاتوں، علاقوں اور وسیع خطے پر خوف طاری کررکھا ہے۔ نوم چومسکی نے پاکستان، افغانستان، یمن اور صومالیہ میں ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا اسے وسیع پیمانے پر دہشت پھیلانے کی مہم قرار دیا۔ نوم چومسکی نے کہا کہ عراق پر حملہ سپریم انٹرنیشنل جرم ہے ۔

امریکی اور ان کے اتحادی عراق میں بم حملوں کے ذمہ دار ہیں۔ عراق پر امریکی اور برطانیہ کا حملہ جارحیت کی بڑی مثال ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہم عرب خطے میں بم حملوں، تنازعات سمیت تمام برائیوں کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں