میچ فکسنگ: سابق بنگلہ دیشی کپتان اشرفل کا اقرار جرم

شائع June 4, 2013

سابق بنگلہ دیشی کپتان محمد اشرفل۔ فوٹو اے پی

ڈھاکا: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اشرفل نے منگل کو میچ فکسنگ کا اقرار کر لیا ہے جس سے بنگلہ دیشی کرکٹ کے ایوانوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے اس سے قبل انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچز میں میچ فکسنگ کے الزامات کے تناظر میں اشرفل کو کھیلوں سے معطل کر دیا تھا۔

سن 2007 سے 2009 تک بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دینے والے اشرفل نے ایک چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں قوم کے ساتھ یہ ناانصافی نہیں کر سکتا اور بہت شرمندہ ہوں۔

اشرفل نے اس جرم میں ملوث ہونے پر معافی مانگی ہے اور آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے اپنے جرم کا اقرار کر لیا ہے۔

سابق بنگلہ دیشی کپتان نے مزید کہا کہ 'میں تمام لوگوں سے کہتا ہوں کہ براہ مہربانی مجھے معاف کر دیں، میرا طرز عمل غلط تھا'۔

انہوں نے 2001 کے سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 17 سال کی عمر میں سنچری بنا کر تھری فیگر اننگ کھیلنے والے کم عمر ترین بنگلہ دیشی کرکٹر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ڈھاکا گلیڈی ایٹر کے اسٹار پر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران چٹاگانگ کنگز کے خلاف کھیلا گیا میچ فکس کرنے کا الزام ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اٹھائیس سالہ اشرفل کو 2 مارچ کو ہونے والے میچ کو ہارنے کے لیے مبینہ طور پر 12 ہزار 800 امریکی ڈالر دیے گئے تھے۔

ان پر اس کے دس دن کے بعد باریسلز برنرز کے خلاف ہونے والے ایک اور میچ کو بھی فکس کرنے کا الزام ہے جہاں ان کی ٹیم کو سات وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اٹھائیس سالہ کرکٹر کا اقرار جرم کھیلوں کی دنیا میں ایک نیا تنازع ہے جہاں اس سے قبل پڑوسی ملک ہندوستان میں اسپاٹ فکسنگ کی گونج سنائی دی تھی جس کے باعث تین کرکٹرز اور متعدد بکیز کو حراست میں لیا گیا تھا۔

منگل کو ہندوستانی پولیس نے کہا تھا کہ ان کے پاس ان کھلاڑیوں کے انڈین پریمیئر لیگ کے دوران اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں جس کے بعد عدالت نے ہندوستانی ٹیسٹ باؤلر شانتھا کمارن سری سانتھ اور دیگر 22 کرکٹرز کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

سری سانتھ اور ان کی آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کے دو ساتھی کھلاڑیوں پر لیگ کے میچز کے دوران مبینہ طور پر بکیز ہزاروں ڈالرز لے کر جان بوجھ کر خراب باؤلنگ کا الزام ہے اور اسی وجہ سے ان تینوں کھلاڑیوں کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق پولیس نے نئی دہلی میں ہونے والی سماعت کے دوران بتایا کہ انڈر ورلڈ ڈان اور ہندوستان کے انتہائی مطلوب شخص اس گروہ کے سرغنہ ہیں۔

یاد رہے کہ ہندوستان کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ان کے داماد گروناتھ میاپن کے مبینہ طور پر ملوث ہونے اور گرفتاری کے بعد عہدے سے مشروط طور پر علیحدہ ہو گئے تھے۔

منگل کو عدالت نے میاپن اور بالی وڈ ایکٹر کو ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025