عراق: جعلی چوکی پر سرحدی پولیس کے 14 اہلکار قتل

شائع June 5, 2013

فائل فوٹو

فلوجا: مغربی عراق میں شدت پسندوں نے ایک جعلی چوکی بنا کر بدھ کو سرحدی پولیس کے قافلے پر حملہ کر دیا جس میں 14 اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ شدت پسندوں نے ان میں سے دو اہلکاروں کی لاشوں کو آگ بھی لگا دی۔

چوکی عراق کو سعودی عرب سے ملانے والے ہائی وے کے ساتھ بنائی گئی تھی جہاں نخیب کے علاقے میں اہلکاروں پر حملہ کیا گیا۔

بارڈر گارڈز کے میجر جنرل یاسر عاصم نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے تین گاڑیوں میں سوار اہلکار اپنی شفٹ کے آغاز کے لیے چوکی پر پہنچنے کیلیے ہائی وے سے جا رہے تھے کہ اسی دوران وہ ایک جعلی چیک پوسٹ رکے جہاں انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ دو کی لاشوں کو آگ لگا دی گئی۔

کربلا کے مغرب میں 200 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع نخیب کے ایک کلینک نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، نخیب صوبہ انبار کا حصہ ہے لیکن پڑوسی صوبہ کربلا اس پر اپنے حصے کا دعویٰ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر 2011 میں اسی علاقے میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں شدت پسندوں نے کربلا سے شام جانے والی بس میں سوار 22 شیعہ زائرین کو ہلاک کر دیا تھا جس کے باعچ دونوں صوبوں کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025