Dawn News Television

شائع 31 جولائ 2018 02:20pm

جماعت اسلامی کے رہنما دوسروں کیلئے مثال بن گئے

ملک کی موجودہ سیاست میں جہاں عدم برداشت کا رجحان بڑھ رہا ہے تو وہیں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو سیاست میں شائستگی اور دوستی کے رجحان کو فروغ دینے میں پیش پیش ہیں۔

ایسی ہی دوستی اور رواداری کی مثال جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے قائم کردی۔

ڈاکٹر معراج الہٰدی صدیقی نے انتخابات 2018 میں کراچی کے حلقہ این اے 256 سے اپنی شکست کو نہ صرف کھلے دل سے تسلیم کیا بلکہ کامیابی حاصل کرنے والے تحریک انصاف کے سینئر رہنما نجیب ہارون کے پاس جاکر انہیں مبارک باد پیش کی۔

جماعت اسلامی کے رہنما کا یہ اقدام مخالفین کے لیے ایک پیغام ہے کہ سیاست دانوں کو مخالفت اور تنقید کے علاوہ شائستگی، رواداری، دوستی، محبت کا اظہار بھی کرنا چاہیے اور اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک اور شہر کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر معراج الہٰدی صدیقی کے اس فعل کو سوشل میڈیا پر بھی کافی سراہا گیا اور کچھ لوگوں نے اسے شیئر بھی کیا۔

Read Comments