دبئی:پاکستانی باپ نے دو بیٹیوں کو مارنے کے بعد خودکشی کر لی
دبئی: قرضے میں ڈوبے ایک پریشان پاکستانی نے دبئی میں اپنی دو بیٹیوں کو مارنے کے بعد خود کشی کر لی۔
بدھ کو اخبار امارت الیوم کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ چالیس سالہ پاکستانی شخص نے اتوار کی رات اپنی دو اور سات سالہ بیٹیوں کا گلا گھونٹنے اور پانی میں ڈبو کر ہلاک کرنے کے بعد اپنے بنگلے کے سوئمنگ پول میں کود کر خود کشی کر لی۔
روزنامے کے مطابق، یہ شخص ذاتی قرضوں کی وجہ سے بہت شدید ڈپریشن کا شکار تھا اور اس کے اپنی بیوی کے ساتھ تعلقات بھی کشیدہ تھے، جو واقعہ کے وقت ایک کانسرٹ میں شریک تھی۔
دی نیشنل نامی اخبار نے بتایا کہ مرنے سے پہلے اس شخص نے اپنی بیوی کو ایک ایس ایم ایس میں کہا تھا کہ 'وہ موجودہ حالات سے کہیں زیادہ بہتر زندگی گزارنے کی مستحق ہے اور یہ کہ اس نے اپنی دونوں بیٹیوں کو مارنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ انہیں کسی سہارے کے بغیر نہیں چھوڑ سکتا'۔
متاثرہ خاندان کی ایتھوپین گھریلو ملازمہ نے بتایا کہ وہ رات ساڑھے دس بجے سونے کے لیے چلی گئی تھی، جبکہ اطلاعات کے مطابق بیوی کا بھائی بھی بنگلے میں ہی سو رہا تھا۔
دی نیشنل کے مطابق، پولیس کو پانی سے بھرے ایک باتھ روم سے مرنے والی بڑی بچی کی لاش ملی ہے جب ایک کمرے میں بستر پر چھوٹی بچی کی کمبل میں لپٹی لاش بھی برآمد ہوئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پولیس واقعہ کی تفتیش کر رہی ہے اور جلد ہی تینوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا۔