دلیرانہ کھیل پر حفیظ کی افغان ٹیم کی تعریف

شائع December 9, 2013
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سری لنکا کے خلاف اپنی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی۔ اے پی فائل فوٹو۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سری لنکا کے خلاف اپنی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی۔ اے پی فائل فوٹو۔

شارجہ: پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیط نے افغانستان کی جانب سے دلیرانہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک کی کرکٹ میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے شارجہ میں افغانستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم میچ کا فیصلہ آخری بال پر ہوا تھا۔

کرکٹ کے حلقوں میں کمزور سمجھے جانے والی ٹیم افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 138 رنز کا چیلنجنگ ہدف دیا اور میچ کو آخری اوور تک لے جانے میں بھی کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے حفیظ نے 42 رنز کی میچ وننگ اننگ کھیلی جبکہ احمد شہزاد 35 اور عمر اکمل 28 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

میچ کے بعد اپنی گفتگو میں حفیظ کا کہنا تھا 'کریڈٹ انکو جاتا ہے کہ وہ میچ کو آخری اوور تک لے کر گئے۔'

'انہوں نے یہ مقام اپنی محنت سے حاصل کیا اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے۔'

افغانستان کو سب سے اچھی ایسوسی ایٹ اسکواڈ کی حیثیت سے جانا جاتا ہے جبکہ آئندہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھی یہ ٹیم کوالیفائی کرچکی ہے۔

اس کے علاوہ 2015ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے بھی افغان ٹیم کوالیفائی کرچکی ہے۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں افغان ٹیم میں کافی بہتری آئی ہے۔ یہ ایک روزہ میچ پاکستان سات وکٹوں سے جیت گیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی قائد کا کہنا تھا 'میں کہنا چاہتا ہوں کہ انکے کھیل میں بہت بہتری آئی ہے۔ وہ جتنا اسکور کرنا چاہتے تھے، کرنے میں کامیاب رہے جبکہ اختتامی اووروں میں نپی تلی باؤلنگ کی وجہ سے ہمیں بڑے شاٹس مارنے میں دشواری بھی ہورہی تھی۔'

انہوں نے خبردار کیا کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انکی ٹیم کو کھیل میں سدھار پیدا کرنا ہوگا۔

'ہم نے بہت زیادہ رنز لیک کیے جو کہ سری لنکا جیسی ٹیم کے خلاف نہیں کیا جاسکتا۔'

پاکستان جمعے کو متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی سیریز میں دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور تین ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔

افغانستان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

'میرے خیال سے ہم نے بیس سے تیس کم رنز بنائے اور فیلڈنگ کرتے ہوئے اختتامی اووروں میں کچھ اہم رن آؤٹ مس کیے جسکی وجہ سے پاکستان میچ جیت پایا۔'

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025