جنوبی سوڈان: حکومتی تختہ الٹنے کی کوشش ناکام
جوبا: جنوبی سوڈان کے صدر نے کہا ہے کہ انہوں نے سیاسی حریفوں کی جانب سے حکومتی تختہ الٹنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
صدر سلوا کیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ جوبا میں سیکورٹی صورتحال حکومت کے مکمل کنٹرول میں ہے، حملہ آور فرا ر ہوگئے اور اب فوج ان کے تعاقب میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیر کی شام شام چھ بجے سے منگل کی صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا اور آئندہ حکمنامے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
صدر نے لڑائی کا الزام سابق نائب صدر ریک مچھر اور ان کے گروپ کے اتحادی فوجیوں پر عائد کیا۔
مچھر جنوبی سوڈان کی حکمران جماعت کے باغی گروپ سوڈان پیپلز لبریشن آرمی کی قیادت کرتے ہیں اور جولائی میں انہیں نائب صدر کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔
جنوبی سوڈان نے ریفرنڈم میں عوام کی جانب سے شمالی حصے سے علیحدگی کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ ملنے پر 2011 میں آزادی حاصل کی تھی۔