پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومرمت پشاور سے متصل کوہاٹ روڈ پر آج منگل کی صبح ایک پولیس وین پر ریمورٹ کنٹرول حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

ابتدائی تفصیلات کے مطابق کوہاٹ روڈ پر سید حسن کے علاقے میں شدت پسندوں نے بارودی مواد ریت کے ڈھیر میں نصب کیا تھا۔

گشت پر معمور پولیس وین جب وہاں سے گزری تو ریمورٹ کے ذریعے بارودی مواد کو اڑا دیا گیا۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق زخمی ہونے والے اہلکار کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے سے گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا، جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

یاد رہے کہ کل بروز پیر سولہ دسمبر کو پشاور میں ہی شیخ محمدی کے علاقے میں بم ڈسپوزل اسکوڈ کی گاڑی کو ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس میں تین اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

ہلاک ہونے والوں میں بم ڈسپوزل اسکوڈ کے انچارج عبدالحق خان بھی شامل تھے۔

خیبر پختونخوا کا دارالحکومت پشاور پاکستان کے قبائلی علاقوں کے ساتھ واقع ہے، جن کے بارے میں امریکی حکام کہنا ہے کہ یہاں ناصرف پاکستانی طالبان بلکہ القاعدہ کی اہم اور محفوظ پناہ گاہیں بھی موجود ہیں۔

ماضی کے کچھ سالوں پر ایک نظر ڈالی جائے تو پشاور شہر شدت پسندوں کے نشانے پر رہا ہے، جہاں پر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ عام افراد کو بھی بم دھماکوں اور فائرنگ جیسے واقعات میں ہلاک کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں