ہندوستان: امریکی سیاح سے ریپ، تین افراد کو 20 سال قید
نئی دہلی: ایک ہندوستانی عدالت نے منگل کے روز تین نیپالی شہریوں کو ایک امریکی سیاح کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے الزام میں 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ سزا ہندوستان کی شمالی ریاست ہماچل پردیش کی ضلعی عدالت نے دی۔ ان افراد پر رواں سال جون کے مہینے میں اجتماعی زیادتی کا الزام تھا۔
کیس پر معمور پولیس کے تحقیقاتی افسر ونود کمار دھون کے مطابق جج نے تینوں کو 20 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔
خیال رہے کہ یہ پیشرفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز ہندوستان نے دہلی گینگ ریپ کے ایک سال مکمل کیے جس کی دنیا بھر میں شدید مذمت کی گئی تھی۔
جون میں متاثرہ 30 سالہ امریکی سیاح نے منالی میں ٹیکسی نہ ملنے کی وجہ سے ایک ٹرک سے لفٹ لی تھی۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ ملزمان انہیں ویران مقام پر لے گئے جہاں انہوں نے ان کے ساتھ ریپ کیا۔
انہوں نے پولیس کو ملزمان کی تفصیل بیان کی اور ٹرک کی کمپنی کو بھی شناخت کرلیا جو کہ ہندوستان میں عام طور پر تعمیراتی کاموں کے لیے استعمال کی جاتا ہے۔
ہندوستان میں رواں سال سیاحوں کے ساتھ زیادتی کے متعدد معاملات سامنے آئے ہیں۔
اس سے قبل جولائی میں چھ افراد کو ریاست مدھیہ پردیش میں ایک سوئنس سائکلسٹ کے ساتھ ریپ کرنے پر عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔