گل، عرفان کی کمی محسوس کررہے ہیں، مصباح

شائع December 21, 2013
اختتامی اووروں میں ناقص باؤلنگ کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہے، مصباح—اے پی فوٹو۔
اختتامی اووروں میں ناقص باؤلنگ کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہے، مصباح—اے پی فوٹو۔

شارجہ: پاکستانی کپتان مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں شکست کی وجہ اختتامی اووروں میں ناقص باؤلنگ کو قرار دیتے ہوئے ٹیم پر زور دیا ہے کہ آئندہ میچوں میں اسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

دبئی میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں پاکستان 285 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہا جبکہ اختتامی اووروں میں ناقص باؤلنگ کے باعث سری لنکن ٹیم سیریز برابر کرنے میں کامیاب رہی۔

اس سے قبل پہلے میچ میں بھی 323 رنز کے ہدف کے جواب میں مہمان ٹیم 311 اسکور کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ اس میچ میں بھی پاکستان کو اختتامی اووروں میں دشواری کا سامنا رہا تھا۔

مصباح کا کہنا تھا کہ اختتامی اووروں میں ٹیم کو عمر گل اور محمد عرفان کی کمی محسوس ہورہی ہے اور سیریز میں فتح حاصل کرنے کے لیے اس مسئلے کو حل کیا جانا ضروری ہے۔

'ہماری فاسٹ باؤلنگ تجربہ کار نہیں ہے اور ہم عرفان اور گل کی کمی محسوس کررہے ہیں جو کہ اس حوالے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔'

سری لنکا کو جمعے کے روز ہونے والے میچ کے اختتامی دس اووروں میں 85 رنز درکار تھے تاہم سہیل تنویر کے ایک اوور نے میچ کا رخ تبدیل کردیا جس کے دوران انہوں نے 19 رنز دیے۔

سری لنکا کو آخری دو اووروں میں 16 رنز کی ضرورت تھی جبکہ آخری اوور میں سچترا سینانائکے نے ایک چوکا لگاکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

تاہم اس موقع پر پاکستانی کپتان نے بلے بازی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بیٹنگ تھا تاہم جس طرح سے ہم بلے بازی کررہے ہیں، اس سے میں بہت خوش ہوں۔

دوسری جانب سری لنکن قائد اینجلو میتھیوز نے فتح پر ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے اس کے لیے بہت محنت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ فتح میں ہر کھلاڑی نے کردار ادا کیا جبکہ ان کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کانٹے دار رہے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ اتوار کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Dec 21, 2013 05:14pm
بلکل‏ ‏صحیح‏ ‏فرمایا‏ ‏‏کپتان‏ ‏صاحب‏ ‏اگر‏ ‏ٹیم‏ ‏میں‏ ‏پسند‏ ‏و‏ ‏نا‏ ‏پسند‏ ‏کی‏‏ ‏‏ ‏سیاسی‏ ‏اور‏ ‏سفارش‏‏ ‏کی ‏پالیسی ‏ترک‏ ‏کردی‏ ‏تو‏ ‏پھر‏ ‏ٹیم‏ ‏شکست‏ ‏مشکل‏ ‏ھوگی‏ ‏عمرگل‏ کو‏تو‏ ‏دنیا‏ ‏بھی‏ ‏مانتی‏ ‏ھے‏ ‏لیکن‏ ‏پھر‏ ‏بھی‏ ‏ان‏ ‏کی‏ ‏ٹیم‏ ‏میں‏ ‏نا‏ ‏موجودگی‏ ‏‏ ‏سمجھ‏ ‏سے‏ ‏بالاتر‏ ‏ھے‏ ‏اس‏ ‏کے‏ ‏علاوہ‏ ‏ٹیم‏ ‏میں‏ ‏ایک‏ ‏اچھے‏ ‏تیز‏ ‏باولنک‏ ‏والا‏ ‏ال‏ ‏راونڈر‏ ‏اور‏ ‏لیگ‏ ‏بریک‏ ‏بالر‏ ‏کی‏ ‏ ‏بھی‏‏ ‏کمی ‏ھے‏ ‏

کارٹون

کارٹون : 23 جون 2025
کارٹون : 22 جون 2025