روس: خود کش دھماکہ، 14 ہلاک

شائع December 29, 2013
وولگوگراڈ میں ریلوے اسٹیشن پر ایک خود کش بمبار خاتون نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔اے پی فوٹو۔۔۔
وولگوگراڈ میں ریلوے اسٹیشن پر ایک خود کش بمبار خاتون نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔اے پی فوٹو۔۔۔

ماسکو: روس کے جنوبی شہر وولگوگراڈ میں ریلوے اسٹیشن پر ایک خود کش حملے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کے روز ایک خود کش خاتون بمبار نے اسٹیشن میں اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔

وولگوگراڈ کے قریبی شہر سوچی میں اولمپک گیمز ہونے والے ہیں۔

مقامی حکام نے بتایا کہ شہر کے اہم ریلوے اسٹیشن کے داخلی دروازے پر ایک خاتون کو ڈٹیکٹر سے چیکنگ کے لیئے روکنے پر خاتون نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔

اسٹیشن اس وقت نئے سال منانے کے لئے آنے جانے والے مسافروں سے کچھا کچھ بھرا ہوا تھا۔

ٹرین اسٹیشن کے اسٹور کیپر نے ایک نیوز چینل کو بتایا تھا کہ دھماکہ بہت زور دار تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے کچھ لوگوں نے خوف کے باعث بھاگنا شروع کر دیا، جبکہ بعض دھماکے کی شدت سے گر پڑے۔

کمیٹی برائے قومی انسداد دہشت گردی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی اشارے ہیں کہ دھماکہ ایک خود کش بمبار خاتون نے کیا ہے۔

روس کی تحقیقاتی کمیٹی کے ترجمان ولادمیر مرکن نے کہا ہے کہ افسران نے مبینہ دشت گردی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

جبکہ مقامی حکومت کے ایک ترجمان نے سرکاری نیوز ایجینسی آر آئی اے کو بتایا کہ دھماکے میں 14 افراد ہلاک اور چالیس سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ایک پولیس اہکار نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وقوعہ سے ایک عورت کا سر ملا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے حملہ آور کوئی خاتون تھیں۔

وولگوگراڈ کے میئر ارینا گوسیوا کا کہنا تھا کہ دھماکے کے باعث شہر کی فضا افسردہ ہو گئی ہے کیونکہ دھماکے میں ایک بچہ بھی ہلاک ہوا ہے جبکہ کئی شدید زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے ٹیلی وژن پر کہا کہ ہم کسی کو بھی شہر کے حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسٹالن گراڈ کے نام سے جانا جانے والا شہر وولگو گراڈ میں اکتوبر میں بھی وفاقی فورسز کے ساتھ لڑائی میں نبرآزما اسلامی عسکریت پسند سے منسلک ایک خاتون بمبار نے حملہ کیا تھا ۔

اکیس اکتوبر کو مسافروں سے بھری ایک بس کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

عسکریت پسند داغستان اور چیچنیا کی طرح شمالی قفقاز میں بھی اسلامی ریاست چاہتے ہیں۔

جبکہ ان کے رہنما ڈوکو عمروف نے اپنے ارکان کو سویلینز کو قتل اور اولمپک گیمز کو سبو تاژ کرنے کا حکم دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025