ہندوستان: تاریخی کرپشن مخالف بل منظور
نئی دہلی: ہندوستان میں ایک طاقتور کرپشن مخالف بل کو بدھ کے روز صدر کی جانب سے دستخط کیے جانے کے بعد منظور کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں ہندوستان میں متعدد کرپشن سے متعلق اسکینڈل منظر عام پر آئے ہیں جسکی وجہ سے ملک بھر میں اس کے خلاف احتجاج سامنا آیا جبکہ متعدد سیاست دان اس کی مخالفت میں سرگرم ہوگئے۔
گزشتہ ماہ ہندوستانی پارلیمنٹ اس وقت متحد نظر آئی جب بدعنوانی کے خلاف ایک ادارے کو وجود میں لانے پر حکمران جماعت گانگریس اور اہم ترین اپوزیشن پارٹی بھارتیہ جنتہ پارٹی نے ایک بل کی حمایت کی۔
اس ادارے کے پاس سیاست دانوں اور سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے وسیع اختیارات موجود ہوں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ صدر پرناب مکھرجی کی جانب سے اس بل کی حتمی منظوری ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب آئندہ سال مئی میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں۔
گزشتہ ماہ بدعنوانی کے خلاف نعرہ بلند کرنے والی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو وزیراعلیٰ دہلی منتخب کیا گیا تھا۔
کانگریس کی حکومت پر اپنے دور کے دوران متعدد کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا جن میں ٹیلی کام لائسنسنگ اور کامن ویلتھ اسکینڈل قابل ذکر ہیں۔