پراگ: فلسطینی سفیر دھماکے میں ہلاک
پراگ: پراگ میں مقرر فلسطینی سفیر جمال الجمال بدھ کے روز اپنی رہائش گاہ میں بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے۔
پراگ پولیس کے ترجمان اینڈریا زولف نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم ایمرجنسی سروس کی طرف سے دی گئی افسوس ناک خبر کی تصدیق کر رہے ہیں۔
جمال نے ماہ اکتوبر میں اپنا منصب سنبھالا تھا اور وہ حال ہی میں پراگ کے شمالی مضافات میں اپنی نئی رہائش گاہ منتقل ہوئے تھے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بدھ کے روز دھماکہ اس وقت ہوا جب جمال پرانے سفارت خانے سے لایا جانے والا پرانا سیف کھول رہے تھے۔
وزارت کے بیان کے مطابق سیف کھولنے کے کچھ دیر بعد دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں سفیر شدید زخمی ہو گئے بعد میں انہیں علاج کے لئے ہسپتال لے جایا گیا۔
نوونکی نیوز نامی ویب سائٹ نے پولیس تفتیش کاروں کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ دھماکہ ' کسی دھماکہ خیز شے سے احتیاط نہ برتنے پر رونما ہوا ہے۔'
ایمرجنسی سروس کے ترجمان جرینا ارنیسٹوو نے بتایا کہ 56 سالہ سفیر کو زخمی اور کوما کی حالت میں پراگ ملٹری ہسپتال لایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دھواں سے دم گھٹنے کے باعث ایک 52 سالہ خاتون کو بھی ایک دوسرے ہسپتال لے جایا گیا۔
سفارت خانے کے ترجمان نبیل الفاہل نے پبلک ریڈیو چیک کو بتایا کہ سفیر کا پورا خاندان اس وقت گھر پر ہی تھا جب دھماکہ ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ایک اعلٰی سطحی وفد چیک حکام سے دھماکے کی تحقیقات پر تعاون کے لیئے پراگ بھیجے گا۔