صومالیہ: دو دھماکوں میں آٹھ افراد ہلاک
موغادیشو: صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں اہم ہوٹل کے باہر دو کار بم دھماکوں میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اس حملے کی ابھی تک کسی نے ذمے داری قبول نہیں کی لیکن یہ حملہ جس میں ایک مسلح کمانڈو بھی ملوث تھا عام طور پر یہ القاعدہ سے منسلک صومالیہ کے شدت گروپ کا طریقہ واردات ہے۔
پولیس افسر محی الدین احمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ اقوام متحدہ کے کمپلیکس کے قریب واقع الجزیر ہوٹل کے سامنے بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑ گئی۔
انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ خود کش حملہ لگتا ہے، وہ فی الحال پہلے دھماکے سے ہونے والے ہلاک اور زخمیوں کی تعداد نہیں بتا سکتے لیکن ایک عینی شاہد کے مطاب دھماکے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
ایک اور پولیس افسر محمد وارسم نے بتایا کہ پہلے دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز زخمیوں کی مدد کی کوشش کر رہی تھیں کہ اسی دوران بارود سے بھری ایک اور گاڑی میں دھماکا ہو گی۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ میں نے آٹھ لاشیں گنیں جن میں سے زیادہ تر فوجی تھے۔
جزیرہ شہر کے اہم اور پوش علاقے میں واقع ہے اور یہاں سیاستدان اور غیر ملکی سفارتکار آ کر ٹھہرتے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد مسلح شخص اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔