انڈیا: امریکی سفارتخانے کو 'کمرشل' سرگرمیاں بند کرنیکی ہدایت
نئی دہلی: ہندوستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔
تازہ پیش رفت میں ہندوستان نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے اسپورٹس اور تفریحی سینٹر کو کاروباری مقاصد کے لیے استعمال نہ کرے۔
وزارت خارجہ نے امریکا کو سولہ جنوری کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیر سفارتی عملے کو امریکی کمیونٹی سپورٹ ایسوسی ایشن کی سہولیات استعمال کرنے سے روک دے۔
خیال رہے کہ غیر سفارتی لوگ اس کمیونٹی سینٹر میں سوئمنگ پول، جم، باؤلنگ ایلے، بار اور ریسٹورنٹ میں سستے کھانے اور غیر ملکی شراب سے لطف اندوز ہونے کے لیے سالانہ بنیادوں پر ہزاروں ڈالر ادا کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے اے ایف پی کو بتایا کہ سفارتی عملے کے لیے مخصوص ان سہولیات کو بعد میں فیس کے عوض غیر متعلقہ لوگوں کو بھی فراہم کیا جانے لگا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیوٹی فری شراب پر حالیہ پابندیوں اور غیر متعلقہ افراد کے کمیونٹی سینٹر کے استعمال پر پابندی اقتصادی طور پر ایک دھچکہ ثابت ہو گا۔
اطلاعات کے مطابق وزارت خارجہ نے ٹریفک اور ٹرانسپورٹ حکام کو سفارتخانے کی گاڑیوں پر جرمانے نہ کرنے کے حوالے سے دیا گیا استثنیٰ ختم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی کشیدگی کا آغاز نیو یارک میں ڈپٹی قونصل جنرل دیویانی خوبراگیڈ کی گرفتاری کے بعد شروع ہوا۔
نیویارک پولیس نے ویزا فراڈ کے الزام میں دیوانی کوبارہ دسمبر کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ اپنی بیٹی کو سکول چھوڑنے جارہی تھیں۔
انتالیس سالہ دیویانی پر ویزہ فراڈ کے علاوہ کم سے کم اجرت سے متعلق امریکی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستان سے ایک گھریلو ملازمہ کو اپنے پاس رکھنے کا بھی الزام ہے۔
ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دیویانی کو پبلک مقام پر گرفتار کرنے کے بعد ہتھکڑی لگائی گئی۔
میڈیا کے مطابق گرفتاری کے بعد ان کی تلاشی بھی لی گئی اور انہیں منشیات کے عادی مجرموں کے ساتھ حوالات میں رکھا گیا۔
ہندوستانی وزیرِ خارجہ سلمان خورشید نے امریکی حکام کے اس رویے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی ہندوستانی سفارت کار سے ایسا سلوک نہیں کیا جا سکتا۔
ہندوستان نے اس معاملے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر ردعمل کے طور پر نئی دہلی میں امریکی سفارتکانے کے باہر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات اور سیکورٹی حصار کو ختم کر دیا تھا۔