ہم واٹمور کیلئے جیتنا چاہتے تھے، مصباح

شائع January 20, 2014
مصباح نے 68 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا—اے ایف پی فوٹو۔
مصباح نے 68 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا—اے ایف پی فوٹو۔

شارجہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے شارجہ میں کوچ ڈیو واٹمور کے الوداعی ٹیسٹ میں فتح پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پیر کے روز سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دیکر سیریز ایک، ایک سے برابر کرلی ہے۔

مصباح نے کہا 'اس فتح کی ہمیں ضرورت تھی۔ ہم یہ میچ ڈیو (واٹمور) اور سیریز برابر کرنے کے لیے جیتنا چاہتے تھے۔'

سابق آسٹریلوی بلے باز نے مارچ 2012ء میں پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں جو 1996ء کے ورلڈ کپ کی فاتح سری لنکن ٹیم کی بھی کوچنگ کرچکے ہیں۔

واٹمور کی کوچنگ کے دورانیے میں پاکستان پانچ میں سے دو ٹیسٹ سیریز ہارا جبکہ بقیہ تین ڈرا رہیں۔

تاہم مصباح کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم واٹمور کی کوچنگ سے لطف اندوز ہوئی۔

'گزشتہ دو سالوں سے ان کی کوچنگ کا ہم نے خوب فائدہ اٹھایا۔ ہم ان سے پیار کرتے ہیں اور (مستقبل میں) کامیابی کے خواہاں ہیں۔'

پاکستان کی فتح میں اظہر علی کی سنچری سب سے اہم رہی جبکہ مصباح کے 68 اور سرفراز احمد کے 48 رنز کی بدولت پاکستان 302 کا مشکل ہدف عبور کرنے میں کامیاب رہا۔

مصباح جو پاکستان کی 2010ء سے قیادت کررہے ہیں، نے کہا 'یہ ایک زبرست کوشش تھی اور تمام کھلاڑیوں نے جیت کے جذبے کا اظہار کیا۔ میں نوجوانوں کی کارکردگی میں بہت خوش ہوں۔ علی کی پرفارمنس، احمد شہزاد کی پہلی اننگ میں پرفارمنس اور سرفراز کی اننگ پھر محمد طلحہٰ کی باؤلنگ یہ سب پاکستان کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہے۔'

مصباح نے کہا کہ یہ ان کے کریئر کی بہترین فتوحات میں سے ایک تھی تاہم انہوں نے انگلیند کو 2012ء میں کلین سوئپ کرنے کو سب سے بہترین فتح قرار دیا۔

'ہم پر کوئی پریشر نہیں تھا اور میسج صاف تھا۔ہم نے میٹنگ میں فیصلہ کیا تھا کہ جیت کے لیے جائیں گے چاہیں نتیجہ کچھ بھی ہو اب اگر نتیجہ 2-0 ہوجاتا تو بھی مسئلہ نہیں تھا لیکن ہم سیریز کو 1-1 کرنے کے لیے کھیلیں گے۔'

کارٹون

کارٹون : 19 جون 2025
کارٹون : 18 جون 2025