اسلام آباد: سو کلو گرام بارود برآمد
اسلام آباد:پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے ایک چھاپے میں تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک سو کلو گرام بارودی مواد برآمد کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ پیر کو شہر کے علاقے ترنول میں ایک گھر پر چھاپہ کے دوران فیوز، ڈیٹونیٹر، تاریں اور بم بنانے کا دوسرا سامان بھی برآمد ہوا۔
ایک پولیس افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں گھر میں بارود سے بھرے دو بیگ ملے، اس کے علاوہ ملزمان کے پاس دھماکا کرنے کے لیے مطلوبہ سامان موجود تھا۔
معاملے کی تحقیقات کرنے والے پولیس افسر رب نواز کے مطابق تینوں ملزمان کا تعلق قبائلی علاقوں سے ہے۔
انہوں نے گرفتاریوں اور بارودی مواد ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
نواز کے مطابق، ملزمان نے گھر کرائے پر لے رکھا تھا اور ان کے پاس بم بنانے اور دھماکا کرنے کا پورا سامان موجود تھا۔
راولپنڈی میں گرفتاریاں
گزشتہ روز راولپنڈی میں فوج کے ہیڈ کواٹرز کے قریب ایک خود کش حملے میں بارہ سے زائد ہلاکتوں کے بعد پولیس نے شہر میں چھاپوں کے دوران اڑتالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے منگل کو دعوی کیا کہ یہ گرفتاریاں پیر ودھائی، فوجی کالونی، مہر کالونی، ضیاء الحق کالونی اور دوسرے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران ہوئیں۔