'خواہش ہے آسٹریلیا کو چیلنج کریں'

شائع January 21, 2014
آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہو گا۔—اے ایف پی فوٹو
آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہو گا۔—اے ایف پی فوٹو

شارجہ: پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹیم پر زور دیا ہے کہ وہ ایشز جیتنے والی آسٹریلیا کو اکتوبر میں شیڈول ٹیسٹ سیریز میں چیلنج کرے۔

پاکستان رواں سال اکتوبر متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں میزبانی کرے گا۔

حال ہی میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں تاریخی فتح کے بعد پُر امید مصباح کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم اپنا کھیل مزید بہتر بناتے ہوئے آسٹریلیا کو ٹکر دے گی۔

'آسٹریلیا انتہائی پروفیشنل ٹیم ہے اور ان کے خلاف کھیلتے ہوئے بھرپور توجہ درکار ہوتی ہے'۔

'آپ کو بہت سخت محنت کرنا ہوتی ہے کیونکہ وہ بہت سی منصوبہ بندی کے ساتھ کھیلتے ہیں، لہذا میرا خیال ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہو گا'۔

دو ہزار دس میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد ٹیم کی کپتانی سنبھالنے والے مصباح اب تک ستائیس ٹیسٹ میچوں میں بارہ کامیابیاںسمیٹ چکے ہیں۔

ان کی قیادت میں پاکستان نے سات میچ ہارے جبکہ آٹھ ڈرا رہے۔

مصباح کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا بھی پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے پوری تیاریوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

'یو اے ای کی کنڈیشنز میں ہمارے سپنرز کا سامنا کرنا آسٹریلیا کے لیے بھی چیلنج سے کم نہیں ہو گا'۔

مصباح نے امید ظاہر کی کہ پاکستان موجودہ عالمی نمبر ایک ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ سال اکتوبر میں کھیلی گئی ڈرا سیریز (1-1)جیسی پرفارمنس دہرائے گی۔

'میرے خیال میں ہم ایسا ہی کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے جیسا جنوبی افریقہ کے خلاف کیا تھا'۔

'ہم پھر سے ایسی ہی کارکردگی دکھائیں گے اور دنیا کو ثابت کریں گے کہ ہم ٹاپ لیول تک پہنچ سکتے ہیں'۔

پاکستان کی ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز ختم ہونے کے بعد اب فروری -مارچ بنگلہ دیش میں ایشیا کپ کھیلے گی۔

مصباح کا مزید کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نوجوان ہے اور 'جب آپ ایسے میچ کھیلتے ہیں تو آپ کو اعتماد حاصل ہوتا ہے'۔

'اگر آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے پہلے ہمیں ٹیسٹ میچ کھیلنے کو ملتے تو ہمیں فائدہ ہوتا'۔

مصباح کے مطابق، پاکستان کی موجودہ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور چونکہ ٹیم میں سینیئرز کے مقابلے میں نئے کھلاڑی زیادہ ہیں لہذا انہیں بیٹنگ کی ناکامی جیسے مسائل درپیش ہیں۔

'اگر یہ کھلاڑی مسلسل کھیلتے رہے تو انہیں تجربہ حاصل ہو گا اور وقت گزرنے کے ساتھ یہ مزید بہتر ہوتے جائیں گے'۔

کارٹون

کارٹون : 25 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025