پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آج اتوار سے شروع ہونے والی پولیو مہم ایک مرتبہ پھر ملتوی کردی گئی ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق انتظامات مکمل نہ ہونے کے باعث پولیو مہم اب آئندہ اتوار سے شروع کی جائے گی۔

اس سے قبل بھی بیس جنوری کو سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے انسدادِ پولیو مہم شروع نہیں ہوسکتی تھی۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کے 'فوکل پرسن' ڈاکٹر امتیاز علی شاہ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ پولیو مہم کو ملتوی کرنے کی وجہ انتظامات کا مکمل نہ ہونا تھا۔

خیال رہے کہ تقریبا آٹھ لاکھ بچوں کو اس مہم کے تحت پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانے تھے۔

اس سے قبل نو ہزار سے زائد ٹیچرز جنہوں نے قلیل معاوضوں اور سیکورٹی خدشات کے باعث پولیو مہم میں حصہ لینے سے انکار کردیا تھا، تاہم گزشتہ روز حکومت سے مذاکرات کے بعد اتوار سے مہم میں حصہ لینے پر رضامند ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں پشاور کو دنیا بھر میں پولیو وائرس کا گڑھ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نوے فیصد پولیو وائرس جینیاتی طور پر پشاور میں موجود وائرس جیسے ہی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دو ہزار تیرہ میں دو ہزار بارہ کے مقابلے میں زیادہ پولیو کیسز سامنے آئے تھے۔

ادارے کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال 91 پولیو کیسز ریکارڈ کیئے گئے تھے جبکہ 2012 میں 58 اور رواں سال میں چار نئے پولیو کیسز سامنے آئے ہیں۔

پاکستان دنیا کے ان تین ملکوں میں شامل ہے جہاں اس مہلک بیماری سے بچوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہے، لیکن ملک بھر میں کافی عرصے سے مسلسل پولیو ٹیموں کو نشانہ بنائے جانے سے یہ مہم متاثر ہورہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں