ہندوستان کو سیریز میں 4-0 کی بدترین شکست

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2014
یہ گزشتہ 33 سالوں میں ہندوستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
یہ گزشتہ 33 سالوں میں ہندوستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں بھی 87 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 4-0 سے سے شکست دے دی۔

یہ گزشتہ 33 سالوں میں ہندوستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی سب سے بڑی کامیابی ہے جس سے آئندہ ہونے والے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے ان کے مورال میں اضافہ ہو گا۔

جمعہ کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں ہندوستانی ٹیم کے قائد مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔

کیوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے روس ٹیلر اور کین ولیمسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔

روس ٹیلر نے لگاتار دوسری سنچرئی بناتے ہوئے 102 رنز بنائے جبکہ ولیمسن نے بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مسلسل پانچویں نصف سنچری سکور کی، وہ 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مارٹن گپٹل 16، جسی رائیڈر 17 اور کپتان برینڈن میک کولم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیمز نیشم 34 اور لیوک رونچی 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جواب میں ہندوستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 78 کے مجموعی سکور پر اس کے چار مستند بلے باز آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، ویرات کوہلی نے ٹیم کو شکست سے بچانے کی کوشش کی تاہم 82 کے انفرادی سکور پر نیتھن میک کولم کی گیند کا نشانہ بنے۔

ان کے علاوہ ہندوستان کا کوئی بھی کھلاڑی شاندار اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 216 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

ہندوستانی ٹیم کے 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور کرنے میں ناکام رہے جہاں کپتان دھونی 47 رنز بنا کر دوسرے ٹاپ سکورر رہے۔

اپن کیریئر کا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے میٹ ہنری نے 4 جبکہ کائل ملز اور کین ولیمسن نے دو، دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹیلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں