• KHI: Fajr 5:44am Sunrise 7:05am
  • LHR: Fajr 5:24am Sunrise 6:50am
  • ISB: Fajr 5:32am Sunrise 7:01am
  • KHI: Fajr 5:44am Sunrise 7:05am
  • LHR: Fajr 5:24am Sunrise 6:50am
  • ISB: Fajr 5:32am Sunrise 7:01am

مائیکروسوفٹ چیف ایگزیٹیو: ایک ہندوستانی نژاد کی تقرری کا امکان

شائع February 1, 2014
چوبیس سال سے مائیکروسافٹ سے منسلک ستیا نڈیلا کو اس کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے پر فائز کیا جاسکتا ہے، ستیا کی پیدائش ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں ہوئی تھی۔ —. فوٹو اوپن سورس میڈیا
چوبیس سال سے مائیکروسافٹ سے منسلک ستیا نڈیلا کو اس کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے پر فائز کیا جاسکتا ہے، ستیا کی پیدائش ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں ہوئی تھی۔ —. فوٹو اوپن سورس میڈیا

وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مائیکرو سوفٹ کا بورڈ کمپنی کے اگلے چیف ایگزیکٹیو بنانے کے لیے تجربہ کار ایگزیٹیو ستیا ناڈیلا کے ساتھ بات چیت کررہا ہے۔ ان کی تقرری سے بل گیٹس کے لیے اس کمپنی میں ان کے نئے کردار کا تعین کیا جاسکتا ہے۔

سافٹ ویئر کے حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک مائیکروسافٹ ایک بڑی تبدیلی کے لئے تیار ہورہی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ طویل عرصے سے مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے پر فائز رہنے والے اسٹیو بلمر کی جگہ کمپنی کے سینئر افسر ستيا ناڈیلا کو چیف ایگزیکٹیوکا عہدہ دیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ مائیکرو سافٹ کے نئے سربراہ کی تلاش گزشتہ پانچ مہینوں سے جا ری تھی اور کمپنی کی تاریخ میں اب تک یہ عہدہ سنبھالنے والے صرف دو ہی شخص ہیں، ایک بل گیٹس اور دوسرے اسٹیو بلمر۔ ستيا ناڈیلا ہندوستانی نژاد امریکی ہیں اور حیدرآباد دکن ان کا کا آبائی شہر ہے۔ وہ فی الحال مائیکروسافٹ کے کلاؤڈ اینڈ انٹرپرائز گروپ کے نائب صدر ہیں۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کی پوسٹ کی دوڑ میں انہیں سب سے آگے بتایا جاتا رہا ہے۔ وال سٹریٹ جرنل کی مذکورہ رپورٹ میں کمپنی کے اندرونی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مائیکرو سافٹ کے اندر چھیالیس برس کے ستیا ناڈیلا کے حوالے سے کافی امکانات پائے جاتے ہیں اور کمپنی اس حوالے سے کبھی بھی کوئی فیصلہ کر سکتی ہے۔

وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ کے سی ای او کے عہدے کے لیے بیرونی امیدواروں نے ایسی کسی تبدیلی کے امکان کو مسترد کیا ہے۔ بحث اس بات کی بھی ہے کہ مائیکروسافٹ بورڈ کمپنی کے بانی بل گیٹس کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے پر بھی غور کر رہا ہے ، اگر ایسا ہوا تو کمپنی کی تاریخ میں یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہو گی۔

یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ کمپنی کے چیئرمین کی پوسٹ کے لیے مائیکرو سافٹ کے آزاد ڈائریکٹر جان تھامپسن کو بل گیٹس کی جگہ لایا جا سکتا ہے۔ مائیکروسافٹ میں ستیا نڈیلا ابھی تک کمپنی کے کمپیوٹنگ پلیٹ فارمز، ڈویلپر ٹولز اور کلاؤڈ سروسز کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو اسٹیو بلمر نے مائیکرو سافٹ کے ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کی تھیں اور اسی سلسلہ میں گزشتہ سال جولائی کے دوران ستیا نڈیلا کو کلاؤڈ كمپيوٹنگ کے کام کا ذمہ دیا گیا تھا۔ اس تقرری کے بعد ستيا نڈیلا، اندرا نووی کے ساتھ دنیا کے طاقتور چیف ایگزیکٹو افسران میں شامل ہو جائیں گے، جن کی پیدائش ہندوستان میں ہوئی تھی۔ اندرا نووی امریکی ملٹی نیشنل کمپنی پیپسیكو کی سی ای او ہیں۔ 1967ء میں پیدا ہونے والے ستيا نڈیلا نے ہندوستان اور امریکہ میں تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے اپنا کیریئر سن مائیكروسسٹم سے شروع کیا تھا۔

انہوں نے 1992ء میں مائیکروسافٹ میں شمولیت اختیار کی دیکھتے ہی دیکھتے کامیابیوں کی سيڑھياں چڑھتے چلے گئے۔ انہیں کمپنی کی اہم ذمہ داریاں دی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سی ای او کے انتخاب کے ساتھ ہی بلمر ریٹائر ہو نے کی پلاننگ کررہے ہیں، اگرچہ ستیا نڈیلا کے حوالے سے مائیکرو سافٹ کے بورڈ نے ابھی تک کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا ہے۔ بلکہ مائیکرو سافٹ نے اس بارے میں کسی طرح کا تبصرہ کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 دسمبر 2024
کارٹون : 7 دسمبر 2024