جیکب آباد: ٹریک پر دھماکا، خوشحال ایکسپریس کے سات مسافر ہلاک

شائع February 16, 2014
۔ — فائل فوٹو
۔ — فائل فوٹو

کراچی: سندھ میں ایک مسافر ٹرین پر بم حملے میں سات افراد ہلاک جبکہ تیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

دھماکا اتوار کو کراچی سے 450 کلو میٹر دور ضلع جیکب آباد میں انڑ ریلوے سٹیشن کے قریب ہوا۔

مقامی انتظامیہ کے ایک سینیئر افسر سردار جمالی نے بتایا ' خوشحال خان خٹک ایکسپریس کراچی سے پشاور جا رہی تھی کہ ٹریک پر دھماکے کے زد میں آنے سے تین بچوں سمیت پانچ افراد مارے گئےتھے، تاہم بعد میں دو زخمی افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سات ہوگئ ہے۔'

انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں تین بوگیاں الٹ گئیں اور جن میں سے دو کو دھماکے کے شدت کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا۔

جمالی کے مطابق، آج ہونے والا دھماکا نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا جبکہ پاکستان ریلویز کے جنرل مینیجر انجم پرویز کے خیال میں حملہ ریمورٹ کنٹرول بم سے ہوا۔

ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے پرویز نے بتایا کہ واقعہ میں آٹھ سو میٹر ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔

تاحال کسی نے بھی حالیہ بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ مہینے راجن پور میں ایک ٹرین کے ڈبے میں ہونے والے بم دھماکے سے تین افراد ہلاک جبکہ بیس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

سال کی شروعات کے ساتھ ہی پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اے ایف پی کے مطابق اب تک دہشتگردی کی وارداتوں میں 140 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

وزیرِ اعظم نواز شریف نے 29 جنوری کو پاکستانی طالبان سے امن بات چیت کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

وزیرِ ریلوے کا مؤقف

سانحے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹرینوں کو نشانہ بنانے والے عناصر اب سندھ اور پنجاب میں اپنی مذموم کاروائیاں کررہے ہیں۔

ریلویز ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خوشخال خان خٹک ایکسپریس کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر ملک میں امن نہیں چاہتے ۔

انہوں نے کہا کہ اس بم دھماکے میں مارے جانے والے تمام افراد ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔

وزیر ریلوے نے کہا ہلاک ہونے والوں کیلئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمی ہونے والوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے کی رقم کا اعلان کیا۔

کارٹون

کارٹون : 20 جون 2025
کارٹون : 19 جون 2025