سعودی عرب کی پہلی خاتون ایڈیٹر
ریاض: سعودی اخبار کی پہلی خاتون ایڈیٹر سومیہ جبرتی کا کہنا ہے کہ وہ چاہیں گی کہ سعودی عرب میں مزید خواتین میڈیا کے اعلیٰ عہدوں پر فرائض سرانجام دیں۔
انہیں رواں ہفتے سعودی گزیٹ کا ایڈیٹر ان چیف بنایا گیا تھا جو کہ اس ملک کے دو اہم انگریزی زبان کے اخباروں میں سے ایک ہیں۔
العریبیہ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اس وقت تک مکمل نہیں ہوگی جب تک میں میڈیا میں مزید سعودی خواتین کو نہ دیکھ لوں۔
2011ء سے اخبار کی ڈپٹی ایڈیٹر رہنے والی جبرتی نے کہا کہ یہ پہلا قدم ہے اور وہ امید کررہی ہیں کہ اس سے دوسری خواتین کے لیے راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی پہلی خاتون ایڈیٹر بننے سے ان پر دگنی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیوں کہ میرے اقدام کو باقی خواتین سے منصوب کی جائے گا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں سخت اسلامی قوانین کا نفاذ ہے جس میں خواتین اور مرد الگ الگ کام کرتے ہیں جبکہ کام پر جانے یا سفر کرنے کے لیے بھی اہل خانہ کی اجازت درکار ہوتی ہے۔
سعودی عرب دنیا کا واحد ملک ہے جہاں خواتین پر ڈرائیونگ کرنے پر پابندی ہے۔