پاک فوج سے یکجہتی۔ کل ایم کیو ایم ریلی نکالے گی

اپ ڈیٹ 22 فروری 2014
متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شدت پسندی کے خلاف عوام اور فوج ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔
متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شدت پسندی کے خلاف عوام اور فوج ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستانی فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کل کراچی میں ایک ریلی کا انعقاد کرے گی۔

یہ فیصلہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے طویل اجلاس میں کیا گیا۔

ریلی اتوار کی سہ پہر تین بجے کراچی میں شاہراہ قائدین پر منعقد کی جائے گی۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین سے بات کرتے ہوئے متحدہ کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کے خلاف عوام اور فوج ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریلی میں بھرپور شرکت کرکے یہ ثابت کردیں کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہیں۔

کراچی میں منعقدہ ’حلیم پارٹی‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس میں حکومت کو طالبان سے مذاکرات کا نہیں بلکہ ملک میں قیامِ امن کا مینڈیٹ دیا تھا۔ پاکستان بچانا ہے تو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔

اس موقع پر متحدہ کے رہنما رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ جو لوگ قرآن اور احادیث کو آئین قرار دے رہے ہیں انہیں چاہئیے کہ وہ اس پر عمل بھی کریں۔

متحدہ کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ کل تک جو مذاکرات کے حامی تھے اب وہ بھی پیچھے ہٹ رہے ہیں، اب مذاکرات کا نہیں ایکشن کا وقت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں