طالبان کمیٹی حکومتی رابطے کی منتظر: پروفیسر ابراہیم

24 فروری 2014
طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ فوجی آپریشن مسئلہ کا حل نہیں ہے۔
طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ فوجی آپریشن مسئلہ کا حل نہیں ہے۔

پشاور: جماعتِ اسلامی کے رہنما اور طالبان کی مذاکراتی کیمٹی کے رکن پروفیسر محمد ابراہیم نے آج پیر کے روز کہا کہ حکومتی کمیٹی کے ساتھ تعطل برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل میں نہ تو کوئی پیش رفت ہوئی اور نہ ہی دونوں کمیٹیوں کے درمیان کسی قسم کا رابطہ قائم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے ہم ابھی تک حکومتی کمیٹی کے جواب کا انتظار کررہے ہیں۔

پروفیسر ابراہیم کا کہنا مذاکراتی عمل اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتا جب تک دونوں فریقین ایک ساتھ بیٹھ کر مسئلہ پر بات نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن مسئلہ کا حل نہیں ہے اور اس کی وجہ سے ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوں گے۔

خیال رہے کہ پروفیسر ابراہیم کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز فورسز قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی وادیِ تیرہ میں مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کرکے کم سے سے کم 30 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔

اسی دوران طالبان کمیٹی کے رابطہ کار مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ ان کا حکومتی کمیٹی کے ساتھ رابطہ نہیں ہوا، لیکن دونوں فریقین کے درمیان اس مسئلہ پر مشاورت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ٹی ٹی پی کمیٹی کا ایک اجلاس طلب کریں گے۔

یاد رہے کہ مہمند ایجسنی میں طالبان کی جانب سے 23 ای سی اہلکاروں کو ہلاک کیے جانے کے بیان بعد سے حکومت اور طالبان کے درمیان مصالحتی عمل تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں