خیبر ایجنسی: نیٹو کنٹینرز پر حملہ، دو افراد ہلاک
پشاور: مسلح افراد نے خیبر ایجنسی جمرود کے علاقے میں افغانستان جارہی نیٹو سپلائی کو ہدف بنایا جسکے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کے سینئر رکن جہانگیر اعظم وزیر نے اے ایف پی کو بتایا 'چار کنٹینر افغانستان جارہے تھے کہ راستے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو ہیلپرز ہلاک جبکہ ایک ڈرائیور اور ایک ہیلپر واقعے میں زخمی ہوگئے۔'
انہوں نے بتایا کہ ایک ہیلپر فوری طور پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ایک اور مقامی منتظم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان عسکریت پسند افغانستان میں نیٹو سپلائی کی ترسیل متاثر کرنے کے لیے اس طرح کے حملوں میں ملوث رہے ہیں۔