تھرپارکر میں 41 بچوں کی اموات کی تحقیقات کا حکم

شائع March 7, 2014
تھر کی ایک خاتون، اپنے بچے کے ساتھ ، عقب میں تھری گھر، چنورا نظر آرہا ہے۔ تصویر حسین افضال
تھر کی ایک خاتون، اپنے بچے کے ساتھ ، عقب میں تھری گھر، چنورا نظر آرہا ہے۔ تصویر حسین افضال

کراچی: حکومتِ سندھ نے جمعے کو ان 41 چھوٹے بچوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جو رپورٹ کے تحت نمونیا اور غذا میں کمی کی وجہ سے ہلاک ہوئےتھے۔

پورے تھر میں بچوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں لیکن ان میں ذیادہ تر اموات مٹھی میں ہوئی ہیں۔

مٹھی جنوبی سندھ میں واقع تھر کا سب سے پسماندہ ضلع ہے اور بعض حلقوں کا خیال ہے کہ قحط اور غذائی کمی سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

' یہ بہت سنگین معاملہ ہے اور ہم نے اموات کا جائزہ لینے کیلئے پارٹی کا ایک سینیئر نمائیندہ تعینات کیا ہے،' وزیرِ اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا۔

وزیرِ اعظم نے محکمہ صحت کے ان سینیئر آفیشلز کی گرفتاری کا بھی حکم دیا جنہوں نے اپنی ملازمت میں غفلت برتی اور بیمار بچوں کو بڑے شہر کے ہسپتالوں تک نہ پہنچاسکے۔

قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تحقیقات کے بعد اموات کی وجوہ کی تصدیق ہوگی لیکن بظاہر یوں لگتا ہے اموات کی بڑی وجہ نمونیا اور غذائی کمی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے ریکارڈ سے ہٹ کر بھی مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا۔ تھر نیم ریگستانی اور نیم بنجر علاقہ ہے جو کراچی سے تین سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کا ایک حصہ ہندوستانی علاقے راجستھان سے منسلک ہے۔

تھر میں انفراسٹرکچر کی کمی ہے اور مٹھی ضلعے میں صحت کی سہولیات کی شدید کمی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ جو کچھ ضروری تھا وہ نہیں کیا گیا۔

' میں تسلیم کرتا ہوں کہ گندم کی تقسیم درست نہیں ہوئی،' قائم علی شاہ نے کہا۔

سال 2000 میں تھر میں شدید قحط اور خشک سالی سے نوے فیصد مویشی ہلاک ہوگئے تھے۔

وزیرِ اعظم کا نوٹس

تھر اور خصوصاً مٹھی میں تھر میں چھوٹے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کو فوری طور پر سندھ کے مجاز اتھارٹی اور اداروں سے رابطے کیلئے کہا ہے تاکہ فوری طور پر ہر ممکن مدد اور ریلیف پہنچایا جاسکے۔

وزیرِ اعظم سے احکامات کے بعد این ڈی ایم اے نے سندھ میں مجاز اداروں سے رابطہ کیا ہے اور این ڈی ایم اے کے صوبائی آفس سے صورتحال کا ہنگامی بنیادوں پر جائزہ لینے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ابتدائی تخمینے کے بعد این ڈی ای ایم اے اگلے چوبیس گھنٹوں میں مناسب امداد تھر پہنچادے گی۔

اسلام آباد سے متین حیدر کی اضافی رپورٹنگ کے ساتھ

کارٹون

کارٹون : 20 جون 2025
کارٹون : 19 جون 2025