کراچی: پاکستان کے تجارتی حب کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایک پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک، جبکہ دو راہگیر زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ آج جمعرات کی صبح اورنگی ٹاؤن کے علاقے سلام پورہ میں اس وقت پیش آیا جب پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی۔

واقعہ کے بعد زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

اسی دوران لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں نوزائیدہ بچے کی لاش ملی۔

گزشتہ کئی مہینوں سے جاری رینجرز اور پولیس کے ٹارگیٹڈ آپریشن کے باوجود شہر میں پرتشدد واقعات اور لاشیں ملنے کا سلسلہ ختم نہیں ہوسکا ہے۔

ان کارروائی میں پولیس اور رینجرز حکام اب متعدد جرائم پشتہ افراد کو حراست میں لینے کا بھی دعویٰ کرتے رہے ہیں، جن میں کچھ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے شدت پسند بھی شامل ہیں۔

ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل کراچی شہر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ ملکی جی ڈی پی کا 42 فیصد اسی شہر سے پیدا ہوتا ہے۔

تاہم کئی سالوں سے جاری اغوا برائے تاوان، قتل اور لسانی، فرقہ وارانہ اور سیاسی تشدد کی وجہ سے شہر کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں