کابل: الیکشن آفس پر دہشتگردوں کا حملہ
کابل: اب جبکہ افغانستان میں صدارتی انتخابات دو ہفتے کی دوری پر ہیں کابل میں ایک الیکشن دفتر پر خود کش حملہ اور فائرنگ کی گئی ہے۔
طالبان نے پانچ مئی کے الیکشن عمل کیخلاف کارروائیوں کا اعلان کرتے ہوئے اپنے جنگجوؤں سے کہا تھا کہ وہ الیکشن عمل کے دوران پولنگ عملے، ووٹروں اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کریں۔
افغان دارالحکومت کے مغرب میں دارالامان کے علاقے میں انڈیپینڈنٹ الیکشن کمیشن ( آئی ای سی) کے قریب دھماکے سنے گئے۔ یہاں سے افغان صدرارتی امیدوار اشرف غنی کا گھر بہت قریب واقع ہے۔
' ساڑھے گیارہ بجے کے قریب ایک خودکش بمبار نے آئی ای سی دفتر کے باہر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ اس کے بعد کئی حملہ آور اندر داخل ہوگئے،' کابل پولیس کے ترجمان حشمت استاناکزئی نے بتایا۔
وزارتِ داخلہ کے ترجمان صادق صدیقی نے ٹویٹر پر کہا کہ اس حملے میں دو عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔
ایک عینی گواہ احمد شریف کے مطابق اس نے دو دھماکے سنے جس کے بعد فائرنگ کی گئی اور یہ سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔
اشرف غنی کی صدارتی مہم سے وابستہ ایک رکن نے بتایا کہ عالمی بینک سے وابستہ سابق صدارتی امیدوار انتخابی عمل کے سلسلے میں کابل سے باہر تھے۔
آئی ای سی کے ترجمان نور محمد نور نے سیکیورٹی فورسز کو بتایا کہ حملے کا ہدف ان کا دفتر ہوسکتا تھا۔ ان کے مطابق متعلقہ اسٹاف اپنی بنکروں میں محفوظ ہے۔
فوری طور پر کسی نے بھی اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ خدشہ ہے کہ یہ حملہ طالبان نے کیا ہے جو افغانستان میں صدارتی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔