بنگلہ دیشی مداح گراؤنڈ میں ' غیرملکی' جھنڈے نہ لہرائیں، بی سی بی
ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچز جاری ہیں اور منگل کو بنگلہ دیش نے مقامی تماشائیوں کو خبر دار کیا ہے کہ وہ میچ کے دوران مخالف ٹیم کے پرچم لے کر گراؤنڈ میں نہ آئیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش میں منعقدہ ایشیا کپ میں مقامی تماشائیوں کی جانب سے پاکستانی پرچم لہرائے جانے کے بعد تنقید کی گئی تھی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی) کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ ' نوٹس کیا گیا ہے کہ بعض مقامی مداح غیر ملکی جھنڈے لہراتے رہے جو ملکی پرچم کے قوانین کیخلاف ہے،' اور اس کے بعد ہی یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
' ہمیں اس سلسلے میں احکامات موصول ہوئے ہیں،' ترجمان نے مزید وضاحت کئے بغیر خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا۔
' ہم نے سیکیورٹی آفیشلز اور گارڈز کو کو احکامات دیئے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بنگلہ دیشی مداح اسٹیڈیم میں کسی اور ملک کے جھنڈے کیساتھ داخل نہ ہوں۔'
بنگلہ دیش 1947 کے بعد پاکستان کا حصہ بنا تھا جو مشرقی پاکستان کہلاتا تھا لیکن 1971 کے بعد وہ ایک الگ ملک بن گیا تھا۔ بی سی بی کی جانب سے یہ احکامات بنگلہ دیش کے چوالیسویں یومِ آزادی کے موقع پر سامنے آئے ہیں۔ بنگلہ دیش نے جنگ کے بعد پاکستان سے علیحدگی اختیار کی تھی۔