پشاور: ' سات لاکھ پچاس ہزار بچوں کیلئے پولیو مہم'

شائع March 29, 2014
۔—فائل فوٹو۔
۔—فائل فوٹو۔

پشاور: خیبر پختونخوا کے شہر پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں اتوار کے روز پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا جس کے دوران سات لاکھ پچاس ہزار بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔

نائجیریا، افغانستان اور پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شمار ہوتے ہیں جہاں پولیو اب بھی پایا جاتا ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ پشاور پولیو کا گڑھ بن چکا ہے۔

پولیو مہم کے آرگنائزر یونس ظہیر نے اے ایف پی کو ہفتے کے روز بتایا 'پشاور ضلع کے تین لاکھ پینتیس ہزار گھروں میں رہنے والے کم ازکم سات لاکھ پچاس ہزار بچوں کو مہم کے دوران ویکسین پلائی جائے گی۔'

یہ مہم اپنے نویں مرحلے میں ہے جس کا آغاز فروری میں ہوا تھا اور یہ اپریل میں اختتام پذیر ہوگی۔

ظہیر کے مطابق بارہ ہزار پانچ سو ورکرز پر مشتمل چھ ہزار دو سو ٹیمیں اس کام پر مامور ہوں گی جبکہ چھ ہزار سات سو پولیس اہلکار ان کی حفاظت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں اس مہم کو خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع وسعت دینے کا بھی امکان ہے۔

ایک اور اعلیٰ افسر ظہیر الاسلام نے بھی ان تفصیلات کی تصدیق کی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال 91 پولیو کیسز سامنے آئے جبکہ 2012ء میں ان کی تعداد 58 تھی۔

دسمبر 2012ء سے لیکر اب تک پولیو ٹیموں پر حملوں کے نتیجے میں 56 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

تحریک طالبان پاکستان اور دیگر عسکریت پسند پولیو ٹیموں پر جاسوسی کے شبہہ میں حملے کرتے رہے ہیں جس کی وجہ سے پولیو مہم شدید مشکلات کا شکار رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025