عراقی فورسز نے درجنوں دہشتگرد ہلاک کردیئے، وزارت
بغداد: عراقی سیکیورٹی فورسز نے جمعرات کو ایک منظم آپریشن کے بعد 40 سے زائد عسکریت پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ جھڑپیں عراقی دارالحکومت بغداد کی نواح میں ہوئی ہیں اور عراقی وزارتِ داخلہ نے اس کی تصدیق کی ہے ۔
بیان کے مطابق یوسفیہ نامی علاقے میں ہونے والے اس آپریشن میں ایک فوجی افسر بھی ہلاک ہوا ہے ۔ ساتھ ہی دو بھاری مشین گنیں، 15 رائفلز اور پانچ گرنیڈ لانچرز بھی قبضے میں لئے گئے ہیں جس کے ساتھ دیگر سامان بھی موجود ہے۔
' عراقی سیکیورٹی فورسز نے داش گینگ کے اراکین پر حملہ کیا،' اس بیان میں داش خطے میں موجود طاقتور عسکریت پسند گروہ اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ کی لیونٹ کے عربی نام کا مخفف ہے جوشام میں بھی سرگرم ہے۔
' سیکیورٹی فورسز نے چالیس سے زائد دہشتگرد ہلاک کئے ہیں اور اس میں ہمارے ایک افسر کی ہلاکت ہوئی ہے جو دہشتگردوں سے لڑرہا تھا۔'
اس سے دو روز قبل زوبا اور زائدان علاقوں میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی تھی جو بغداد کےمغرب میں واقع ہے۔ عراق میں فلوجہ شہر کے کئی حصوں پر عسکریت پسندوں کا کئی ماہ سے قبضہ رہا ۔ اس سے خطرات پیدا ہوگئے تھے کہ وہ بغداد کی جانب بھی بڑھ سکتے ہیں۔