کنوارے مودی شادی شدہ نکلے
احمد آباد: انڈیا میں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار نریندر مودی نے تسلیم کیا ہے کہ وہ شادی شدہ ہیں۔
اس اعتراف کے بعد ان کی نجی زندگی کا سب سے بڑا معمہ حل ہو گیا ہے۔
ترسٹھ سالہ مودی کو ہمیشہ سے کنوارا سمجھا جاتا تھا۔
ان کے بارے میں خیال تھا کہ وہ نوجوانی میں ہندو قوم پرست تنظیم میں نچلی سطح سے اٹھ کر اہم ترین رہنما بننے تک ہمیشہ اکیلے ہی رہے۔
بعض میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ مودی کے والدین نے بچپن میں ان کی شادی طے کر دی تھی لیکن انہوں نے نوجوانی میں اس شادی سے انکار کر دیا۔
تاہم مودی نے کبھی بھی ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کی۔
مودی نے بدھ کو آئندہ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی میں ایک حلف نامہ میں اعتراف کیا کہ ماضی میں ان کی ایک بیوی تھی۔
ریاست گجرات کے وزیر اعلٰی مودی نے حلف نامہ کے ایک کالم، جس میں امیدوار کو اپنی بیویوں کے نام بتانا ہوتا ہے، میں جاشودابین تحریر کیا۔
تاہم حلف نامہ کے دوسرے حصوں میں انہوں نے بتایا کہ اب انہیں اس خاتون کا کوئی اتا پتا معلوم نہیں۔
رپورٹس میں مسلسل بتایا جاتا رہا ہے کہ 'مودی جاشودابین نامی ایک باسٹھ سالہ سابق سکول ٹیچر سے رشتہ ازدواج میں بندھے رہے'۔
جاشودابین نے فروری میں ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ انہیں مودی کی زندگی کا حصہ نہ رہنے کا افسوس نہیں۔
پولز میں سبقت رکھنے والے کٹر ہندو قوم پرست مودی نے حال ہی میں ایک سوانح عمری میں بتایا تھا کہ وہ دراصل 'انتہائی سے لطف اندوز' ہوتے ہیں اور یہ کہ بچے نہ ہونے کی وجہ سے وہ ایک صاف شفاف سیاست دان ہیں۔
حال ہی میں ایک جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا 'میرا خاندان ہی نہیں تو میں کیوں بدعنوانی کے ذریعے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا'۔
نو مرحلوں میں پایہ تکمیل تک پہنچنے والے موجودہ انڈین الیکشن کا جمعرات کو تیسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔
اس مرتبہ انڈیا میں الیکشن کو ’کنواروں کی جنگ‘ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ مودی کے اہم ترین حریف اور 2004 سے اقتدار میں موجود حکمران جماعت کے رہنما راہول گاندھی بھی غیر شادی شدہ ہیں۔