'بگ تھری منصوبہ کی حمایت سے 30 ارب کی آمدنی ہوگی'
لاہور: پاکستان کرکٹ کے سربراہ نجم سیٹھی نے جمعے کے روز کہا ہے کہ عالمی کرکٹ میں ہونے والی نئی تبدیلیوں کی حمایات کرنے پر پاکستان کرکٹ کو 30 ارب روپے کا فائدہ پہنچے گا۔
ابتدائی طور پر پاکستان نے ان تبدیلیوں کی مخالفت کی تھی جس کے بعد ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو کھیل سے پیدا ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ ملے گا۔ منصوبے کو عام طور پر 'بگ تھری' منصوبہ کہا جاتا ہے۔
تجاویز کو ایک آئی سی سی اجلاس کے دوران دس میں سے آٹھ ووٹوں سے منظور کرلیا گیا جبکہ پاکستان اور سری لنکا نے ووٹنگ مرحلے کا بائیکاٹ کیا تھا۔ جنوبی افریقہ، جس نے ابتدائی طور پر منصوبے کی مخالفت کی تھی، نے آخری لمحات میں اس کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران نجم سیٹھی کا کہنا تھا 'ہم عالمی کرکٹ میں تنہائی کا شکار ہوگئے تھے۔ ہم دیوالیہ بھی ہوسکتے تھے لیکن ہم نے منصوبے کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ہمیں تمام رکن ممالک بشمول ہندستان سے تحریری یقین دہانیاں مل گئی ہیں جس سے ہمیں اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا۔
ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد سے کوئی باہمی سیریز نہیں کھیلی ہے۔
پاکستان نے 2012 میں ہندوستان کے ساتھ ایک ون ڈے سیریز کھیلی تھی تاہم دونوں ممالک کے درمیان 2008 کے بعد سے کوئی مکمل دورہ نہیں ہوا۔
پابندی کا شکار فاسٹ باؤلر محمد عامر کے بارے میں سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ عامر کی پابندی میں نرمی پر غور کی جائے گا جس حوالے سے فیصلہ جون کے اجلاس میں متوقع ہے۔۔
نرمی ملنے کی صورت میں عامر فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل سکیں گے۔