اسلام آباد: طالبان کمیٹی کے ایک رکن مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ ان کا طالبان شوریٰ کے ساتھ رابطہ ہوا ہے اور دو روز میں حکومتی کمیٹی اور طالبان شوریٰ کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔

اس ملاقات میں طالبان کمیٹی کے اراکین بھی موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے مقام کے تعین کے لیے طالبان نے دو روز کا وقت مانگا ہے، جس میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلوں سمیت دیگر معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات سے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل میں ڈیڈ لاک ختم ہوجائے گا۔

دوسری جانب طالبان کمیٹی کے ایک اور رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ان قیدیوں کی فہرست ابھی تک فراہم نہیں کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا بیٹا علی حیدر گیلانی کس کی قید میں ہے اور اگر وہ طالبان کی حراست میں ہیں تو اس کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں