ہندوستان کے زیر انتطام کشمیر میں ہڑتال
سرینگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ روز ایک شخص کی ہلاکت کے خلاف احتجاجاً جمعرات کو ہڑتال کی جا رہی ہے۔
مقامی لوگوں اور پولیس کے مطابق، کشمیر میں جاری الیکشن کے خلاف بدھ کو ووٹنگ ختم ہونے کے بعد مظاہروں میں شریک ایک شخص کو سیکورٹی فورسز نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
اس ہلاکت کے بعد خطے میں ہندوستان کی حکمرانی کے مخالف علیحدگی پسند رہنماؤں نے عام ہڑتال کی اپیل کی تھی۔
جمعرات کو وادی کے زیادہ تر علاقوں میں ہڑتال کے دوران سکول اور دفاتر بند ہیں۔
ادھر، حکام نے واقعہ کے بعد کشمیر کے مرکزی شہر سرینگر میں کرفیو نافذ کیا ہوا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ سرینگر کے پرانے علاقے میں پیش آنے والے اس واقعہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہوئے تھے۔
پرانے علاقے کے ایک رہائشی عبدالرشید نے اے ایف پی کو ٹیلی فون پر بتایا کہ کرفیو میں کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے حتی کہ کھڑکی سے باہر جھانکنے کی بھی اجازت نہیں۔
کشمیر یونیورسٹی نے جمعرات کو ہونے والے امتحانات منسوخ کر دیے جبکہ سرینگر اور وادی کے دوسرے حصوں میں تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔
شمالی علاقے بانڈی پورہ میں پولیس نے ہندوستان کے خلاف نعرے بازی کرنے والے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا۔
پولیس کےانسپکٹر جنرل عبدالغنی نے اے ایف پی کو بتایا کہ بارامولا میں بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں اور وادی میں پر امن ہڑتال ہو رہی ہے۔
خیال رہے بدھ کو مرکزی کشمیر کے حلقے میں پولنگ کے دوران بہت کم ووٹنگ دیکھنے میں آئی۔
علیحدگی پسندوں نے الیکشن کے بایئکاٹ کی اپیل جبکہ شدت پسندوں نے ووٹ دینے والوں کو بھی خبردار کیا تھا۔
ہندوستان میں بارہ مئی کو الیکشن مکمل ہو جائیں گے، جس کے چار دنوں بعد نتائج کا اعلان ہو گا۔